زیر ناف بال کہاں سے کہاں تک مونڈنے چاہیے

کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلے کے بارے میں کہ زیر ناف بال کہاں سے کہاں تک مونڈنے چاہیے، شرعی رہنمائی فرمادیجیے؟

بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت کا حکم یہ ہے کہ زیر ناف بالوں کو ناف کے نیچے سے مونڈنا شروع کیا جائے اور شرمگاہ تک اور خصیتین اورشرمگاہ کے ارد گرد کچھ بال صاف کیے جائیں، پوری ران کے بال صاف کرنے کی حاجت نہیں۔ دُبر (یعنی پاخانہ کے مقام) کے بال صاف کرنا مستحب ہے۔

فتاوٰی عالمگیری میں ہے: “ويبتدئ في حلق العانة من تحت السرة”.

یعنی: پیڑو کے بال کاٹنے میں ناف کے نیچے سے ابتدا کی جائے گی۔ (الفتاوی الهندیة، کتاب الکراهیة، الباب التاسع عشر في الختان والخصاء۔۔۔الخ، جلد5، صفحہ358، دار الفکر، بیروت)

حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح میں ہے: ويستحب إزالة شعر الدبر۔

ترجمہ: اور پچھلے مقام کے بال دور کرنا مستحب ہے۔ (حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح، کتاب الصلاۃ، باب الجمعۃ،  جلد1، صفحہ527، دارالکتب العلمیہ، بیروت)

ردالمحتار میں ہے: “والعانة: الشعر القريب من فرج الرجل والمرأة، ومثلها شعر الدبر، بل هو أولى بالإزالة ؛ لئلايتعلق به شيء من الخارج عند الاستنجاء بالحجر”.

ترجمہ: عانۃ سے مراد وہ بال ہیں کہ جو مرد وعورت کی اگلی شرمگاہ کے قریب ہیں اور پچھلی شرمگاہ کے بال اسی کے مثل ہیں،بلکہ انکو دور کرنا زیادہ بہتر ہے تاکہ پتھر سے استنجاء کرتے وقت نکلنے والی نجاست ان بالوں کو نہ لگ جائے۔ (رد المحتار، کتاب الحج، فصل في الإحرام و صفة المفرد،  جلد2، صفحہ481، مطبوعہ دار سعید)

صدرالشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں: “موئے زیر ناف دور کرنا سنت ہے۔۔۔اور اس کو ناف کے نیچے سے شروع کرنا چاہئے”۔ (بہار شریعت، جلد3، حصہ16، صفحہ 584، 585، مکتبۃ المدینہ، کراچی، ملتقطا)

مفتئ پاکستان، حضرت علامہ مفتی محمد وقارالدین امجدی قادری رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں: “ناف سے نیچے خصیتین اور عضوِ تناسل کے اردگرد کے بال صاف کرنا سنت ہے، اور دُبر (یعنی پاخانہ کے مقام) کے بال صاف کرنا مستحب ہے”۔ (وقار الفتاوی، جلد2، صفحہ541، بزم وقارالدین، کراچی)

واللّٰه تعالی اعلم بالصواب۔

کتبه: ندیم عطاری مدنی حنفی۔

نظر ثانی: ابو احمد مفتی انس رضا قادری۔

🗓️مؤرخہ 5رجب المرجب1443ھ بمطابق 7فروری 2022ء، بروز  پیر

اپنا تبصرہ بھیجیں