ظلم کرنے والے والدین کی نافرمانی
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ اگر والدین بیٹے پر ظلم کرتے ہوں اور بیٹا والدین کی نافرمانی کرے تو کیا حکم ہے؟
User ID: محمد ارمان قادری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ والدین اگرچہ ظلم کرتے ہوں ان کی فرمانبرداری لازم ہے جب تک کہ وہ خلاف شرع حکم نہ دیں لہذا والدین کو پیار محبت کے ساتھ سمجھایا جائے نافرمانی کرنے کی اجازت نہیں ۔ شعب الایمان میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:جس نے اپنے ماں باپ کی فرمانبرداری کی حالت میں صُبح کی تو اُس کے لئے جنّت کے دو دروازے کھول دیئے جاتے ہیں ،اور اگر والدین میں سے ایک ہو تو ایک دروازہ کُھلتا ہے اور جس نے اِس حال میں صُبح کی کہ وہ اپنے والِدَین کا نافرمان ہو تو اُس کے لئے جہنّم کے دو دروازے کھول دئیے جاتے ہیں اور اگر والِدَین میں سے ایک ہو تو ایک دروازہ کُھلتا ہے۔ایک شخص نے عَرْض کی: و َاِنْ ظَلَمَاهُ ؟ اگرچہ وہ ظُلم کریں؟اِرْشاد فرمایا:اگرچہ ظُلم کریں،اگرچہ ظُلم کریں،اگرچہ ظُلم کریں۔
(شعب الایمان، باب فی بر الو الدین،فصل فی حفظ اللسان …الخ،۶/۲۰۶،حدیث:۷۹۱۶)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
18جمادی الاخریٰ 1444ھ/ 5 دسمبر 2023 ء