موبائل اگر ناپاک ہوجائے تو پاک کرنے کا طریقہ

موبائل اگر ناپاک ہوجائے تو پاک کرنے کا طریقہ

کیا فرماتے ہیں علماء دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ اگر موبائل نجاست میں گر جائے اور نجاست اس کے پرزوں میں سرایت کرجائے تو اسے کس طرح پاک کیا جائے گا؟

بسم اﷲ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الوہاب اللہم ہدایۃالحق والصواب

اگر موبائل نجاست میں گر جائے اور نجاست پرزوں میں سرایت کرجائے تو اسے کسی ایسی چیز سے پاک کیا جائے جو نجاست کو زائل کردے جیسے پٹرول یا اس طرح کا کوئی دوسرا لیکوڈ جس میں چکنائی نہ اور اس سے نجاست کو زائل کرنا ممکن ہو ۔ لہٰذاکسی موبائل صحیح کرنے والے کے پاس چلیں جائیں اور اس کے مشورہ سے موبائل کو اچھے طرح پاک کرلیا جائے کہ نجاست پرزوں سے نکل جائے۔

فتاوی عالمگیری میں ہے

’’یجوز تطھیر النجاسۃ بالماء وبکل مائع طاھر یمکن إزالتھا بہ کالخل وماء الورد ونحوہ مما إذا عصر انعصرکذا فی الھدایۃوما لا ینعصرکالدھن لم یجز إزالتھا بہ کذا فی الکافی وکذا الدبس واللبن والعصیر کذا فی التبیین‘‘

ترجمہ: نجاست کو پانی اور ہر اس چیز سے پاک کرنا جائز ہے جس سے نجاست کا ازالہ ممکن ہو جیسے سرکہ ،پھول کا پانی اور اس طرح کی دوسری چیزیں کہ جونچوڑنے کے قابل ہوں ۔ اور جن چیزوں کو نچوڑا نہیں جا سکتا ان سے نجاست کا زائل کرنا درست نہیں جیسے تیل، شِہد،دودھ ،اوررَس وغیرہ۔ (فتاوی عالمگیری، کتاب الطہارۃ ، الباب السابع ، الفصل الاول ، جلد1،صفحہ41، دار الفکر، بیروت)

واللہ اعلم ورسولہ عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ واصحابہ وبارک وسلم

کتبہ

ابواحمدمفتی محمد انس رضا قادری

25رجب المرجب1444ھ ۔17فروری 2023ء

اپنا تبصرہ بھیجیں