لیغفر لک ما تقدم من ذنبک وما تاخر ،،کی وضاحت

لیغفر لک ما تقدم من ذنبک وما تاخر ،،کی وضاحت

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ انبیاء کرام علیہم السلام گناہوں سے معصوم ہوتے ہیں اور قرآن پاک میں ایک جگہ اللہ پاک نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو مخاطب کر کے فرمایا کہ اللہ نے آپکے اگلے اور پچھلے گناہ بخش دیے ہیں تو یہاں گناہ بخشنے کا کیا مطلب ہے؟ جبکہ گناہ تو ممکن ہی نہیں ۔

User ID:عبد الغفور

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ آیت کا یہ معنی و مفہوم نہیں جو سوال میں بیان کیا گیا ہے بلکہ آیت کا مطلب یہ ہے کہ اے محبوب ! اللہ پاک تمہارے صدقے تمہارے اپنوں کے اگلے اور پچھلے گناہ بخش دے ۔ اس سے پہلی آیت میں فرمایا گیا کہ’’ہم نے آپ کے لیے روشن فتح کافیصلہ فرمادیا‘‘اور اس آیت سے فتح کا فیصلہ فرما دینے کی عِلَّت بیان کی جا رہی ہے کہ اے حبیب!ﷺ، ہم نے آپ کے لئے روشن فتح کا فیصلہ فرما دیا تاکہ اللہ تعالیٰ آپ کے صدقے آپ کے اپنوں کے اگلے اور پچھلے گناہ بخش دے اور آپ کی بدولت امت کی مغفرت فرمائے۔اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ نے آیت ِمبارکہ کے اس حصے سے متعلق فتاویٰ رضویہ میں بہت تفصیل سے کلام فرمایاہے ،اس میں سے ایک جز کا خلاصہ یہ ہے کہ ’’سورہِ فتح کی اس آیت ِکریمہ میں موجود لفظ ’’لَکَ‘‘ میں لام تعلیل کا ہے اور ’’مَا تَقَدَّمَ مِنْ ذَنْۢبِكَ‘‘ سے مراد’’تمہارے اگلوں کے گناہ‘‘ ہے اور اگلوں سے میری مراد سیّدنا عبداللہ اورسیّدتنا آمنہ رَضِیَ اللہ عَنْہُمَاسے لے کر نسب ِکریم کی انتہاء تک تمام آبائے کرام اور اُمّہاتِ طیّبات مراد ہیں،البتہ ان میں سے جو انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام ہیں جیسے حضرت آدم ،شیث،نوح،خلیل اور اسماعیل عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام، وہ اس سے مُستَثنیٰ ہیں ،اور ’’مَا تَاَخَّرَ‘‘ سے مراد’’تمہارے پچھلے‘‘ یعنی ’’قیامت تک تمہارے اہلِ بیت اور امتِ مرحومہ ‘‘مراد ہے،تو آیت ِکریمہ کا حاصل یہ ہوا کہ ہم نے تمہارے لیے فتح ِمبین فرمائی تاکہ اللہ تعالیٰ تمہارے سبب سے بخش دے تم سے تعلق رکھنے والے سب اگلوں پچھلوں کے گناہ۔( فتاوی رضویہ، ۲۹ / ۴۰۱، ملخصاً)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ

28جمادی الاخریٰ 1444ھ/ 15دسمبر 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں