جپسم پر تیمم کرنا

جپسم پر تیمم کرنا

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ جپسم کیا زمین کی جنس سے ہے؟ یعنی اس پر تیمم کرسکتے ہیں؟

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

جپسم زمین کی جنس ہے کہ یہ ایک پتھر ہے،لہذا اس سے تیمم کر سکتے ہیں ۔قاعدہ یہ ہے کہ جو چیزیں آگ سے جل کر راکھ ہو جائیں یا پگھل کر نرم ہو جائیں تو وہ زمین کی جنس میں سے نہیں ہیں، ان سے تیمم جائز نہیں اور جو چیزیں جل کر راکھ نہ ہوں یا پگھل کر نرم نا ہوں تو وہ زمین کی جنس سے ہیں ،اور ان سے تیمم جائز ہے۔ جیسے ریتا، چونا، سرمہ، ہرتال، گندھک، مردہ سنگ، گیرو، پتھر، زبرجد، فیروزہ، عقیق، زمرد وغیرہ ۔

جپسم کے بارے میں فیروز اللغات میں ہے :

”جپسم ایک معدنی مرکب جس سے پلاسٹر آف پیرس تیار ہوتا ہے ، مصنوعی کھاد بنانے میں بھی استعمال ہوتا ہے ۔“ ( فیروز اللغات اردو ،صفحہ 481 ، ناشر فیروز سنز اینڈ لمیٹڈ )

تبیین الحقائق اور فتاوی ہندیہ میں ہے واللفظ للآخر:

” كل ما يحترق فيصير رمادا كالحطب والحشيش ونحوهما أو ما ينطبع ويلين كالحديد والصفر والزجاج وعين الذهب والفضة ونحوها فليس من جنس الأرض وما كان بخلاف ذلك فهو من جنسها“

ترجمہ :یعنی ہر وہ شے جسے آگ جلا کر راکھ کر دے جیسے لکڑی اور گھاس وغیرہ یا اسے پگھلا کر نرم کر دے جیسے لوہا ،پیتل ،شیشہ،خالص سونا،اور چاندی وغیرہ تو یہ زمین کی جنس میں سے نہیں ہیں اور جو اس کے خلاف ہو(یعنی آگ جلا کر راکھ یا پگھلا کر نرم نا کرے) تو وہ زمین کی جنس سے ہیں ۔ ( فتاوی ہندیہ ، الباب الرابع فی التیمم،جلد 1 ،صفحہ 26 ،دار الکتب العلمیہ بیروت)

بہار شریعت میں ہے:

” جو چیز آگ سے جل کر نہ راکھ ہوتی ہے نہ پگھلتی ہے نہ نَرْم ہوتی ہے وہ زمین کی جنس سے ہے اس سے تیمم جائز ہے۔ ریتا، چونا، سرمہ، ہرتال، گندھک، مردہ سنگ، گیرو، پتھر، زبرجد، فیروزہ، عقیق، زمرد وغیرہ جواہر سے تیمم جائز ہے اگرچہ ان پر غبار نہ ہو۔۔۔جو چیز آگ سے جل کر راکھ ہو جاتی ہو جیسے لکڑی، گھاس وغیرہ یا پگھل جاتی یا نَرْم ہو جاتی ہو جیسے چاندی،سونا، تانبا، پیتل، لوہا وغیرہ دھاتیں وہ زمین کی جنس سے نہیں اس سے تیمم جائز نہیں ۔ (بہار شریعت ،حصہ 2 ، تیمم کا بیان ، جلد 1 ،صفحہ357،مکتبۃ المدینہ، کراچی )

واللہ اعلم باالصواب

کتبہ

ارشاد حسین عفی عنہ

18/07/2023

کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ولادت کے وقت بچے کا آدھا حصہ باہر تھا تو زندہ تھا پھر مر گیا۔اس کے غسل جنازے اور نام رکھنے کے بارے کیا حکم ہے ؟

اپنا تبصرہ بھیجیں