مرتے وقت کلمہ طیبہ پڑھنے کی فضیلت
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ مرتے وقت کلمہ طیبہ پڑھ لیا تو کیا ایسا شخص مسلمان تسلیم کیا جائے گا ؟
User ID:قاری عدیل
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ مرتے وقت کلمہ پڑھا تو ایسا شخص مسلمان ہی ہے بلکہ مرتے ہوئے کلمہ طیبہ پڑھنے والے کے لیے حدیث پاک میں جنت کی بشارت ہے۔سیدنامعاذبن جبل رَضِیَ اللہُ تَعَالی عَنْہُ فرماتےہیں کہ نبی رحمت،شفیعِ اُمت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نےفرمایا:مَنْ کَانَ آخِرُ کَلَامِہِ لَا اِلٰہَ اِلَّا اللہ دَخَلَ الْجَنَّۃَ یعنی جس کاآخری کلام لَاۤ اِلٰہَ اِلَّا اللہ ہووہ جنَّت میں جائےگا۔
(ابو داود،کتاب الجنائز، باب فی التلقین ،۳/۲۵۵ ، حدیث:۳۱۱۶)
حکیمُ الامت ،حضرت مفتی احمدیارخان رحمہ اللہ اس حدیثِ پاک کےتحت فرماتےہیں: اگرچہ عمر بھرکلمہ پڑھتا رہا لیکن مرتےوقت کلمہ ضرورپڑھناچاہئےکہ اس کی برکت سےبخشش ہوگی۔
(مراٰۃ المناجیح ،جلد2،صفحہ446)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
7جمادی الاولی 5144 ھ22نومبر 2023 ء