نماز میں سورت فاتحہ کے بعد سورت ملانے کا حکم

سوال:نماز میں سورت فاتحہ کے بعد سورت ملانا فرض ہے یا واجب ہے؟

یوزر آئی ڈی:نور احمد

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

فرضوں کی پہلی دو رکعتوں میں اور سنن و نوافل و وتروں کی ہر رکعت میں سورت فاتحہ کے بعد ایک چھوٹی سورت یا تین چھوٹی آیات یا ایک ،دو آیات جو چھوٹی سورت کے برابر ہوں ملانا واجب ہے۔ صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ واجبات نماز کے بیان میں لکھتے ہیں :سورت ملانا یعنی ایک چھوٹی سورت جيسے اِنَّاۤ اَعْطَیْنٰكَ الْكَوْثَرَؕ(۱)یا تین چھوٹی آیتیں جیسے ثُمَّ نَظَرَۙ(۲۱) ثُمَّ عَبَسَ وَ بَسَرَۙ(۲۲)ثُمَّ اَدْبَرَ وَ اسْتَكْبَرَۙ(۲۳)یا ایک یا دو آیتیں تین چھوٹی کے برابر پڑھنا۔۔۔ الحمد اور اس کے ساتھ سورت ملانا فرض کی دو پہلی رکعتوں میں اور نفل و وتر کی ہر رکعت میں واجب ہے۔

(بہارِ شریعت ،جلد اول،حصہ دوم،صفحہ517،مکتبۃ المدینہ کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

4محرم الحرام1444ھ/23جولائی 2023 ء

Add your Comment