عید والے دن یتیم سے حضور علیہ السلام کی شفقت اور فرمانا کہ آج کے بعد میں تیرا باپ اور عائشہ تیری ماں،کیا یہ روایت ہے؟

عید والے دن یتیم سے حضور علیہ السلام کی شفقت اور فرمانا کہ آج کے بعد میں تیرا باپ اور عائشہ تیری ماں،کیا یہ روایت ہے؟

سوال:مفتی صاحب ، کیا ایسی کوئی روایت ہے کہ عید والے دن حضور علیہ السلام نے ایک یتیم بچے کو پھٹے پرانے کپڑوں میں دیگر کھیل کود میں مصروف بچوں سے الگ بیٹھ کر روتے ہوئے دیکھا تو گھر لے گئے کپڑے پہنائے، کھانا کھلایا پھر اسے چپ کراتے ہوئے فرمایا کیا تو اس پر راضی نہیں کہ آج کے بعد میں تیرا باپ اور عائشہ تیری ماں ؟ بعض حضرات تو عید کے موقع پر اس روایت کو مزید لمبا کرتے ہیں کہ فاطمہ تیری بہن، علی تیرے چچا اور حسن و حسين رضی اللہ عنھم تیرے بھائی، کیا ایسی کوئی روایت ہے؟

(سائل :رئیس احمد)

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب

بلاشبہ یتیم بچوں سے محبت و شفقت تو حضور علیہ السلام فرماتے تھے اور اپنی اُمت کو بھی اسکی تعلیم فرمائی لیکن خاص عید والے دن، یتیم بچے کے متعلق جو یہ روایت ہمارے ہاں مشہور ہے یہ کسی مستند حدیث کی کتاب میں نہیں ملی، لہذا اسے حضور علیہ السلام کی طرف منسوب کرتے ہوئے آگے نہ بیان کیا جائے، البتہ اس سے ملتی جلتی ایک روایت بعض کتابوں میں ملتی ہے کہ ایک صحابی رسول بشیر بن عقبہ جنکے والد صاحب جنگ احد میں شہید ہو گئے تھے، جس پر وہ رو رہے تھے تو حضور علیہ السلام نے انہیں خاموش کراتے ہوئے ارشاد فرمایا : کیا تو اس پر راضی نہیں کہ میں تیرا باپ اور عائشہ تیری ماں،تو اس پر انہوں نے عرض کی کیوں نہیں اے اللہ کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ،میرے ماں باپ آپ پر قربان۔

شعب الایمان میں بشیر بن عقبہ رضی اللہ عنہ کے بارے میں ہے کہ وہ فرماتے ہیں : استشهد أبي مع النبي صلى الله عليه وسلم في بعض غزواته، فمر بي النبي صلى الله عليه وسلم وأنا أبكي فقال لي: أسكت أما ترضى أن أكون أنا أبوك وعائشة أمك ، قلت: بلى، بأبي أنت وأمي يا رسول الله. [البيهقي، أبو بكر، شعب الإيمان،باب فى رحم الصغير وتوفير الكبير، ٣٩٦/١٣]

تاریخ ابن عساکر میں ہے : عن بشير بن عقربة قال لما قتل أبي يوم أحد أتيت رسول الله (صلى الله عليه وسلم) وأنا أبكي فقال يا حبيب ما يبكيك أما ترضى أن أكون أنا أبوك وعائشة أمك. [أبو القاسم، تاريخ دمشق لابن عساكر، حرف الباء، بشیر بن عقبہ، ٣٠٠/١٠]

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کـتبـــــــــــــــــــــــہ

ابوالحسن محمد حق نوازمدنی

11 ذوالقعدۃ الحرام 1445ء 21 مئی 2024ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں