عورت کو شوہر کی اجازت کے بغیر نفلی روزہ رکھنے،نہ رکھنے اور توڑنے کا حکم
سوال:مفتی صاحب، شوہر کے کہنے پر بیوی نفلی روزہ توڑ سکتی؟
(سائل:ممبر فقہی مسائل گروپ)
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب
♦ شوہر کی اجازت کے بغیر بیوی کے لیے نفل روزہ رکھنا مکروہ ہے، اگر رکھے گی تو شوہر توڑوا سکتا ہے،اور عورت کو بھی توڑنے کی اجازت ہے کہ فقہاء کرام نے اس صورت کو روزہ توڑنے کے اعذار میں شمار کیا ہے، نیز بعد میں اس روزے کی قضاء کرنا ہو گی۔
♦ اگر شوہر موجود نہیں مثلاً سفر پر ہے یا بیمار ہے یا روزہ دار ہے تو اب شوہر کی اجازت کے بغیر بھی، بلکہ اگر شوہر منع کرے تب بھی نفل روزہ رکھ سکتی ہے اور اس صورت میں روزہ توڑنے کی اجازت نہیں اگرچہ شوہر کہے کیونکہ نفل روزہ بغیر کسی عذر کے توڑنا جائز نہیں یونہی نفل روزہ شوہر کی اجازت سے رکھا تھا اب شوہر توڑنے کا کہتا ہے تو بھی توڑنے کی اجازت نہیں کیونکہ فقہائے کرام نے شوہر کے کہنے پر روزہ توڑنے کی جو اجازت دی ہے وہ تب ہے جب عورت نے شوہر کی اجازت کے بغیر روزہ رکھا ہو۔
♦ عام طور پر ایسی صورتحال جس سے عورت کو یہ معلوم ہو کہ اگر اس نے روزہ رکھا تو شوہر کو ناگوار نہ گزرے گا تو اس صورت میں عورت اجازت لیے بغیر بھی روزہ رکھ سکتی ہے، اور اگر معلوم ہو کہ شوہر راضی نہ ہو گا تو اب نہ رکھے۔
ترمذی شریف میں حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : لا تصوم المرأة وزوجها شاهد يوما من غير شهر رمضان، إلا بإذنه. یعنی شوہر کی موجودگی میں عورت رمضان کے علاوہ کوئی روزہ اُسکی اجازت کے بغیر نہ رکھے۔ [الترمذي، محمد بن عيسى، سنن الترمذي ت بشار،أبواب الصوم، ١٤٣/٢]
المحیط البرہانی میں ہے : ولا تصوم المرأة تطوعا بغير إذن زوجها، فإن كان صيامها لا يضر به بأن كان صائما أو مريضا، فلها أن تصوم وليس له منعها……. وللزوج أن ينقضه إذا كان الشروع بغير رضا.
[المحيط البرهاني في الفقه النعماني،كتاب الصوم ،الفصل الرابع عشر، ٤١٣/٢]
ایک اور مقام پر ہے:إذا أرادت أن تصوم تطوعا بغير إذن زوجها إن علمت أنها لو استأذنت منه أذن لها، ولم يكره تصوم، وإن علمت أنها لو استأذنت منه يكره ولا يرضى، فلا تصوم.[المحيط البرهاني في الفقه النعماني،كتاب الصلاة ،الفصل الخامس والعشرون ، ٨٧/٢]
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کـتبـــــــــــــــــــــــہ
ابوالحسن محمد حق نوازمدنی
09 شعبان المعظم 1445ء 20 فروری 2023ھ