سوتے وقت حالت جنابت میں آیت الکرسی پڑھنا
سوال:مفتی صاحب، سوتے وقت جو آیت الکرسی پڑھی جاتی ہے، کیا حالت جنابت میں بھی پڑھ سکتے ہیں؟
(سائل:رانا عبد المنان راجپوت)
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب
♦ عموماً سوتے وقت آیت الکرسی شیاطین سے حفاظت کی نیت سے پڑھی جاتی ہے جیسا کہ حدیث پاک میں بھی اس کی ترغیب ہے اور شرعی مسئلہ یہ ہے کہ حالتِ جنابت میں قرآن کی تلاوت جائز نہیں اگرچہ یہ تلاوت حفاظت ، دم یا وظیفے کے طور پر کی جائے کیونکہ قرآن کی آیت سے ہی مدد حاصل کرنا مقصود ہوتا ہے، لہذا اس حالت میں سوتے وقت حفاظت وغيرہ کی نیت سے آیت الکرسی پڑھنا جائز نہیں۔
♦ حالتِ جنابت میں دعاء و ثناء پر مشتمل آیات، تلاوت کی نیت کے بغیر، خالص دعا و ثناء کی نیت سے پڑھنا جائز ہے چونکہ یہ آیتِ مبارکہ بھی اللہ تبارک وتعالی کی ثناء پر مشتمل ہے لہذا سوتے وقت ثناء کی نیت سے آیت الکرسی پڑھ سکتے ہیں، اللہ نے چاہا تو اس ثناء کی برکت سے ہر قسم کے شر سے حفاظت ملے گی۔
ترمذی شریف میں ہے : عَنْ ابْنِ عُمَرَ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: لَا تَقْرَأِ الحَائِضُ، وَلَا الجُنُبُ شَيْئًا مِنَ القُرْآنِ. یعنی حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : حائضہ اور جنبی قرآن میں سے کچھ نہ پڑھیں۔
[ سنن الترمذى ، ابواب الطہارۃ ،باب ما جاء فی الجنب والحائض ، حدیث نمبر 131 ،1/236 ]
البحر الرائق میں ہے : ولو أنه قرأ الفاتحة على سبيل الدعاء أو شيئا من الآيات التي فيها معنى الدعاء ولم يرد به القراءة فلا بأس به. یعنی اگر جنبی حائضہ وغیرہ نے دُعا کے طور پر سورت فاتحہ پڑھی یا ان آیات میں سے کوئی آیت پڑھی جن میں دُعا کا معنی ہے اور قراءت کا ارادہ نہ کیا تو اس میں کوئی حرج نہیں ۔ [ البحرالرائق شرح کنز الدقائق،کتاب الطھارۃ،باب الحیض، 209/1 ]
فتاوی اہلسنت (دعوت اسلامی) میں ہے : جنابت کی حالت میں حفاظت کی نیت سے آیۃ الکرسی پڑھنا جائز نہیں ، کہ اس صورت میں کلام اللہ کو بطور استعانت پڑھا جارہا ہے….اور اس مقصد کیلئے حالت جنابت میں قرآن کریم کی کوئی آیت پڑھنا جائز نہیں…چونکہ آیۃ الکرسی ثناء پر مشتمل ہے ،تو جنبی شخص اسے ثناء کی نیت سے پڑھ لے ،تو ان شاء اللہ اس ثناء کی برکت سے وہ ہر طرح کے شرور سے بھی محفوظ رہے گا۔ [ فتاوی اہلسنت غير مطبوعہ، فتوی نمبر wat-2277 ، تاریخ اجراء : 18 دسمبر 2023 ]
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کـتبـــــــــــــــــــــــہ
ابوالحسن محمد حق نوازمدنی
24 شعبان المعظم 1445ء 06 مارچ 2024ھ