کئی لوگ جمہوری نظام کے مخالف ہوتے ہیں اور اسےغیر شرعی بتاتے ہیں اور کہتے ہیں کہ اسلام میں صرف خلافت کا نظام ہے؟
اسلام کا دیا ہوا نظام خلافت ہی کا ہے لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ خلافت کبھی مفقود نہیں ہو سکتی،اگر امت نصبِ امام پر قادر نہ ہو تو ان پر الزام نہیں۔فی زمانہ امت معذور ہونے کے سبب مجبور ہے،لہذادینی و دنیاوی امور کو چلانے کے لئے ، جمہوریت کے نظام کے ذریعے اگر سنی اہل افراد آگے آتے ہیں تو اس میں شرعا کوئی قباحت نہیں بلکہ اس کو غیر شرعی کہہ کر لوگوں کو روکنا اور بے دین لوگوں کے لئے بندھ نہ باندھ کرحکومت سیکولر لوگوں کے حوالے کردیناعقل مندی نہیں۔اعلی حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:” گمراہی توجب ہوتی کہ ان کے بعد امت نصب امام پر قادر ہوتی اور قصدًا ترک کرتی، عجز و مجبوری کی حالت میں کیا الزام ہو۔ خلفائے عباسیہ کے بعد تمام عالم سے خلافت ضرور مفقود ہے مگر امت پر الزام نہیں آتا کہ عذر مجبوری موجود ہے۔“
(فتاوی رضویہ،جلد14،صفحہ205)