میں عارضی طور پر عرب شریف میں رہتا ہوں اور میرے بیوی بچے پاکستان میں ہیں میں اگر پاکستان میں سب کا صدقہ فطر دینا چاہوں تو کہاں کی قیمت کا اعتبار ہوگا؟
صدقہ فطر میں جس پر صدقہ کی ادائیگی واجب ہے اس کی جگہ کا اعتبار ہے۔معلوم کی گئی صورت میں آپ اور آپ کے نابالغ بچوں کے صدقہ فطر میں عرب شریف کی قیمت کا اعتبار ہوگا اگرچہ ادائیگی پاکستان میں ہو یا عرب شریف میں اور بالغ بچوں اور بیوی نے آپ کو صدقہ فطر کی ادائیگی کا وکیل بنایا ہے یا ہمیشہ سے آپ ہی ادا کرتے آئےہیں تو ان کے مقام مثلا پاکستان کی قیمت کا اعتبار ہوگا اگرچہ آپ عرب شریف میں ادا کریں۔ ہندیہ میں ہے:”وفي صدقة الفطر يعتبر مكانه لا مكان أولاده الصغار وعبيده في الصحيح كذا في التبيين. وعليه الفتوى كذا في المضمرات“ترجمہ:اور صدقہ فطر میں جس کے ذمہ صدقہ کی ادائیگی واجب ہے اس کی جگہ کا اعتبارہے نہ کہ اس کی نابالغ اولاد اور اس کے غلاموں کے مکان کا صحیح قول کے مطابق،ایسا ہی تبیین میں ہے اور اسی پر فتوی ہے ،ایسا ہی مضمرات میں بھی ہے۔ (عالمگیری،جلد1،کتاب الزکاۃ،صفحہ209،دار الکتب العلمیہ)