بکری اگر کتیا کا دودھ پی لے تو اس بکری کا گوشت کھانا کیسا؟
اگر بکری نے بچپن میں کتیا کا دودھ پیا اور اب چارا وغیرہ کھاتی ہے تو اس کا گوشت کھانا بغیر کراہت کے جائز ہے،اسی طرح اگر اس کا دودھ چھڑا کر کسی حلال جانور کا دودھ پلایا یا چارا شروع کروادیا تو بھی حلال ہے اور اگرکتیا کا دودھ پینے کے ایام میں ذبح کیا تو صحیح قول کے مطابق مکروہ تنزیہی ہے یعنی بچنا بہتر اور کھایا تو گناہ بھی نہیں۔فتاوی رضویہ میں ہے:” اگر ایسا سیانا ہوگیا کہ دودھ چھٹے کچھ مدت گزری، جب تو بالاتفاق بلاکراہت حلال ہے۔ یونہی دودھ پیتے کو چند روز اس دودھ سے جدا رکھ کر حلال جانور کا دودھ یا چارا دیا، اور اس کے بعد ذبح کیا جب بھی بالاتفاق بے کراہت حلال ہے۔ اور اگر اسی حالت میں ذبح کرلیا تو اس کا کھانا مکروہ ہے۔ اس صورت میں کراہت بھی محل نزاع نہیں، ہاں اس میں اختلاف ہے کہ یہ کراہت تنزیہی ہے یعنی کھانا بہترنہیں، اور کھالے تو گناہ نہیں، یا تحریمی یعنی کھانا ناجائز وگناہ ہے۔۔۔ اور شک نہیں کہ وہی(پہلا قول) اقوٰی من حیث الدلیل ہے۔“
(فتاوی رضویہ،جلد10،صفحہ254)