محمد نبی ،احمد نبی ،وغیرہ نام رکھنے کا حکم
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ محمد نبی نام رکھنا کیسا ہے؟
User ID:آمنہ آیاز
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ محمد نبی ، احمد رسول ، احمد نبی وغیرہ نام رکھنا ناجائز و حرام ہے۔ امام اہلسنت، مجدد دین و ملت، اعلیٰ حضرت، شاہ امام احمدرضاخان علیہ رحمۃ الرحمٰن ارشادفرماتے ہیں: ”محمدنبی، احمدنبی،نبی احمدصلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہٖ وسلم پربے شمار درودیں، یہ الفاظِ کریمہ حضورہی پرصادق اورحضورہی کو زیباہیں،أفضل صلوات اللہ و أجل تسلیمات اللہ علیہ و علی آلہ، دوسرے کے یہ نام رکھناحرام ہیں کہ ان میں حقیقۃً ادعائے نبوت نہ ہونا مسلّم، ورنہ خالص کفرہوتا، مگرصورتِ ادعاء ضرورہے، اوروُہ بھی یقینا حرام ومحظور ہے۔“
(فتاوی رضویہ، جلد24، صفحہ648، رضافاؤنڈیشن لاہور)
صدر الشریعہ بدر الطریقہ حضرتِ علّامہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ تحریر فرماتے ہیں:محمد نبی، احمد نبی، محمد رسول، احمد رسول، نبی الزمان نام رکھنا بھی ناجائز ہے، بلکہ بعض کا نام نبی ﷲ بھی سنا گیا ہے، غیر نبی کو نبی کہنا ہر گز ہرگز جائزنہیں ہوسکتا۔
(بہارشریعت،جلد3،حصہ16،صفحہ 608، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
29رجب المرجب 1445ھ/ 10فروری 2024 ء