داڑھی کا، فرینچ سٹائل بنوانا
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ داڑھی کا فرینچ سٹائل بنوانا کیسا ہے؟ کیونکہ داڑھی کو خوبصورت رکھنا چاہیے جبکہ کچھ لوگ کہتے ہیں کہ داڑھی کا سٹائل بنانے کے بجائے بالکل مونڈ دینا بہتر ہے کیونکہ سٹائل بنوانے میں داڑھی کا مذاق ہے اس بارے میں کیا حکم شرعی ہے؟
User ID:بشارت
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے داڑھی ایک مٹھی سے کم رکھنا بھی ترک واجب و گناہ ہے اور منڈوانا اور زیادہ ناجائز و گناہ ہے اور فرینچ کٹنگ وغیرہ یہ ناجائز ہونے کے ساتھ واقعی داڑھی کے ساتھ مذاق ہے ۔اس لیے ایک مسلمان کو حضور ﷺ کی اتباع کرتے ہوئے ان سب کاموں سے دور رہتے ہوئے ایک مٹھی داڑھی رکھنی چاہیے ۔بخاری شریف میں ہے: ’’عن ابن عمرعن النبی صلی اللہ علیہ وسلم قال خالفوا المشرکین وفروا اللحی وأحفوا الشوارب وکان ابن عمر إذا حج أو اعتمر قبض علی لحیتہ فما فضل أخذہ‘‘ترجمہ : حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا مشرکین کی مخالفت کرو داڑھی بڑھائو اور موچھیں پست کرو۔حضرت ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما جب حج یا عمرہ کرتے تو اپنی داڑھی مُٹھی میں لیتے اور جومٹھی سے زائد ہوتی اسے کاٹ دیتے تھے۔
(صحیح بخاری، کتاب اللباس،تقلیم الاظفار،جلد2،صفحہ398،مکتبہ رحمانیہ،لاہور)
شیخ عبدالحق محدث دہلوی فرماتے ہیں ’’ حلق کردن لحیہ حرام است و گزا شتن آں بقد ر قبضۃ واجب‘‘ داڑھی منڈانا حرام ہے اور اور بمقدار ایک مٹھی چھوڑنا و اجب ہے۔
(اشعۃ اللمعات ، جلد 1، صفحہ 212 ،مکتبہ نوریہ رضویہ، سکھر)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
3جمادی الاولی 5144 ھ18 نومبر 2023 ء