اہل بیت میں کون کون شامل ہے؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ اہل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین میں کون کون شامل ہے؟
User ID:گروپ ممبر
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اہل بیت اطہار رضوان اللہ علیہم اجمعین میں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام ازواج مطہرات اور سیدہ فاطمتہ الزہرا رضی اللہ عنہا ،مولی علی مشکل کشا کرم اللہ وجہہ الکریم اور حسنین کریمین رضی اللہ عنھما شامل ہیں۔اللہ پاک قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے : ( اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَیُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًاۚ ( ۳۳ ) ) ترجَمۂ کنزُالایمان : اللہ تو یہی چاہتا ہے اے نبی کے گھر والو کہ تم سے ہر ناپاکی دُور فرما دے اور تمہیں پاک کر کے خوب ستھرا کر دے۔ (القرآن، پارہ 22 سورۃ الاحزاب آیت نمبر 33)
خزائن العرفان میں اس مبارک آیت کی تفسیر میں ہے : اہلِ بیت میں نبیِّ کریم ﷺ کی ازواجِ مطہرات ( یعنی پاک بیویاں ) اور حضرت خاتونِ جنّت فاطمہ زہرا اور علیِ مرتضٰی اور حسنَینِ کریمین ( یعنی امام حسن و امام حسین ) رضی اللہ عنہم سب داخل ہیں ، آیات و احادیث کو جمع کرنے سے یہی نتیجہ نکلتا ہے۔
( خزائن العرفان ، صفحہ780 )
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
6ربیع الثانی 5144 ھ22 اکتوبر 2023 ء