ٹوپی پہ ماشاءاللہ لکھا ہو اور بچہ پیدا ہوتے ہی اس کو پہنا دینا

سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین مسئلہ ذیل میں کہ ایک ٹوپی پہ ماشاءاللہ لکھا ہوتا ہے بچہ پیدا ہوتے ہی اس کو کبھی کبھار پہنا دیتے ہیں، نہلایا بھی نہیں ہوتا کیا ایسا کرنا درست ؟

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب۔

بچہ پیدا ہوتے ہی اس کو ایسی ٹوپی پہنا سکتے ہیں جس پر کوئی مقدس تحریر( جیسے ماشاءاللہ وغیرہ لکھا ہوا) ہو اگرچہ ابھی بچے کو نہلایا نہ ہو؛ کیونکہ شریعت میں بے ادبی کا معیارعرف پر ہوتا یے اورعرف میں اسے برکت کے لئے پہنایا جاتا ہے بے ادبی شمار نہیں کیا جاتا اور بچہ بے نہلائے ناپاک نہیں ہوتا
امام اہل سنت مجدددین وملت الشاہ امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمن ارشاد فرماتے ہیں: ” تعظیم و بے تعظیمی میں بڑا دخل عرف کو ہے۔ محقق علی الاطلاق” فتح القدیر“ میں فرماتے ہیں: یحال علی المعھود“ یہ معاملہ عرف اور رواج کے حوالے کیا جاتاہے “۔ (فتاوٰی رضویہ، جلد 23، صفحہ 913، مطبوعہ رضافاؤنڈیشن لاھور)۔

ایک اور مقام پر ارشاد فرماتے ہیں:” قاعدہ مسلمہ مرعیہ عقلیہ شرعیہ سے معلوم کہ توہین و تعظیم کا مدار عرف و عادت ناس وبلاد پرہے۔‘‘ (فتاوٰی رضویہ، جلد 07، صفحہ 315، مطبوعہ رضافاؤنڈیشن لاھور )۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم

کتبہ

سگِ عطار ابو احمد محمد رئیس عطاری بن فلک شیر غفرلہ

اپنا تبصرہ بھیجیں