حالت احرام میں دھوپ والی عینک پہننا

حالت احرام میں دھوپ والی عینک پہننا

سوال:مفتی صاحب ، احرام کی حالت میں دھوپ سے بچنے کے لیے کالے رنگ یا کسی اور رنگ کی عینک لگا سکتے ہیں یا نہیں؟

(سائل :عبدالباسط)

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب

احرام کی حالت میں عینک لگا سکتے ہیں، چاہے نظر کی عینک ہو یا پھر دھوپ سے بچنے والی، اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں کیونکہ احرام میں چہرہ ڈھانپنا منع ہے جبکہ عینک لگانے والے کو یہ نہیں کہا جاتا کہ اس نے اپنا چہرہ ، آنکھیں یا ناک ڈھانپے ہوئے ہیں جیسا کہ اپنے چہرے پر ہاتھ رکھنے یا پھیرنے والے کو یہ نہیں کہا جاتا کہ اس نے اپنا چہرہ ڈھانپا ہوا ہے۔

در مختار ، فتاوی قاضیخان ، فتاوی ہندیہ ،فتح القدیر و درر الحکام وغیرہ میں ہے : ولا بأس أن يضع يده على أنفه دون ثوب كذا في الفتح. یعنی کپڑے کے علاوہ ناک پر ہاتھ رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔

[درر الحكام شرح غرر الأحكام،کتاب الحج ، باب الجنایات فی الحج، ٢٤١/١]

لباب المناسک میں ہے: ووضع یدہ او یدہ غیرہ علی راسہ او انفہ،ای بالاتفاق لانہ لا یسمی لابسا للراس ولا مغطیا للانف.

[لباب المناسک،صفحۃ 174]

فتاوی اہلسنت (غیر مطبوعہ دعوت اسلامی) میں ہے : احرام کی حالت میں مرد کے لئے گھڑی پہنا اور دھوپ سے بچنے کے لیے چشمہ لگانا جائز ہے، اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں۔ (فتوی نمبر،web -1559 ، تاریخ اجراء : 21 مارچ 2024)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کـتبـــــــــــــــــــــــہ

ابوالحسن محمد حق نوازمدنی

29 ذیقعدۃ الحرام 1445ء 07 جون 2024ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں