مالک مکان کا ایڈوانس رقم سے کاروبارکرنا
سوال:مکان کرایہ پردیتے وقت کچھ رقم ایڈوانس لی جاتی ہے کیامالک مکان اس رقم کواپنے کاروباری استعمال میں لاکرمنافع کماناجائزہے؟
User ID: Yasir Iqbal
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
مالک مکان کوملنے والی سکیورٹی کی رقم کی حیثیت قرض کی سی ہوتی ہے کیونکہ عمومامالکِ مکان اگلے کرایہ دارسے ایڈوانس لیکرپچھلے کرایہ دارکولوٹادیتے ہیں اوریہ بات معلوم بھی ہوتی ہے اگراسکی حیثیت امانت کی ہوتی توبعینہ لیے جانے والے نوٹ ہی واپس کرناضروری ہوتا۔جب یہ قرض ہے توقرض مقروض کی ملک میں چلاجاتاہے جسکامثل لوٹانالازم ہوتاہے لہذامالکِ مکان کاان پیسوں سے کمایاہوانفع حلال ہے۔
درمختار میں ہے: (ويملك) المستقرض (القرض بنفس القبض عندهما) أي الإمام ومحمد۔ترجمہ: امام اعظم وامام محمدعلیھماالرحمہ کےنزدیک قرضدارقرض پرقبضہ کرتے ہی اسکا مالک ہوجاتاہے۔(شامی،کتاب البیوع،فصل فی القرض،ج5،ص164،بیروت)شامی میں ہے: (قوله فله رد المثل)۔۔۔فله حبسه ورد مثله، وإن طلب المقرض رد العين۔ترجمہ:اب اس پرمثل لوٹانالازم ہے اگرچہ قرضخواہ عین مانگے یہ اسکی مثل ہی لوٹانے کامختارہے۔ (ایضا)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
تیموراحمدصدیقی
04رمضان المبارک 1445ھ/15مارچ 2024 ء