منہا نام رکھناکیسا

منہا نام رکھناکیسا

سوال:بچی کامنہا(Minha)نام رکھناکیساہے؟

User ID: Arsalan Qureshi

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

مِنھاکامعنی ہے ‘اس میں سے’اردومیں یہ تفریق یاگھٹاؤکیلئے استعمال ہوتاہے۔ منہا،لاریب جیسے الفاظ اگرچہ قران پاک میں موجودہیں مگرنہ انکاکوئی ایسامعنی ہے کہ یہ نام رکھے جائیں نہ یہ الفاظ صحابہ وصحابیات وبزرگانِ دین سے منسوب ہیں کہ ان سے برکت حاصل کرنے کی نیت ہو۔شایدکسی نے قران پاک میں یہ لفظ ‘‘منھا’’دیکھاہواورقرانی یونیک لفظ سمجھ کررکھ لیاہویارکھناچاہتاہو۔قران وحدیث میں کسی لفظ کاموجودہونانام رکھنے کے لئے معیارہ نہیں ورنہ تویزید،شیطان،خناس، رجیم،ابولہب ،فرعون ،قارون،ہامان جیسے الفاظ بھی موجود ہیں مگرانکے معنی یاان ذوات کوجاننے والاکوئی ذی شعور بھی اپنی اولادکیلئے یہ نام نہیں رکھے گابلکہ خود حضورﷺبرےناموں کوتبدیل کردیتے تھے۔ لہذااسماء الحسنی،انبیا،صحابہ و صحابیات اورنیک لوگوں کے ناموں پر ہی نام رکھنے چاہیں۔

حدیث پاک میں ہے: «تدعون يوم القيامة بأسمائكم وأسماء آبائكم فأحسنوا أسمائكم» رواه أحمد وأبو داود۔ترجمہ:تم قیامت کے دن اپنے اورباپ کے ناموں سے پکارے جاؤگے تواچھے نام رکھو۔ (مشکوۃ،کتاب الادب،ج3،ص1347،حدیث:4768،مکتبہ اسلامی)حدیث پاک میں ہے: أن النبي صلى الله عليه وسلم كان يغير الاسم القبيح۔ترجمہ:حضورﷺ برے نام کوبدل دیتے تھے۔(ترمذی،کتاب الادب،ج5،ص135، حدیث:2839،مصر)مفتی احمد یارخان نعیمی علیہ الرحمہ حدیث کی شرح میں فرماتے ہیں: سب سے اعلیٰ و افضل نام محمد اور احمد ہے کہ رب کے محبوب کے نام ہیں پھر ابراہیم،اسماعیل وغیرہ کہ حضرات انبیاء کے نام ہیں،پھر عبداللہ عبدالرحمن عبدالستار وغیرہ کہ ان میں اپنی عبدیت اور اللہ کی ربوبیت کا اعلان ہے،بے معنی یا برے معنی والے نام ممنوع ہیں ۔ (مراۃ المناجیح،ج6،حدیث:590،المدینہ لائبریری)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم

کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

تیموراحمدصدیقی

18شعبان المعظم 1445ھ/28فروری 2024 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں