روزے میں ہونٹ کی کھال چُبانا اور حلق سے نیچے اُتارنا

روزے میں ہونٹ کی کھال چُبانا اور حلق سے نیچے اُتارنا

سوال:مفتی صاحب، روزہ دار نے انجانے میں ہونٹوں کی کھال حلق سے اتار لی، اب روزہ کا کیا حکم ہے،ٹوٹ گیا یا نہیں اور اگر ٹوٹ گیا تو کفارہ بھی لازم ہو گا یا صرف قضاء؟

(سائل:محمد عمران)

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب

روزہ یاد ہوتے ہوئے،روزے کی حالت میں ،منہ کے باہر سے کوئی بھی چیز بغیر چُبائے حلق میں لے جانے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے ،چاہے جان بوجھ کر ہو یا غلطی سے ،چاہیے وہ چیز تھوڑی ہو یا زیادہ،لہذا پوچھی گئی صورت میں روزہ یاد ہوتے ہوئے ہونٹ سے کھال کاٹ کر نگل لینے سے روزہ ٹوٹ جائے،اور اس صورت میں فقط اس روزے کی قضاء لازم ہو گی کفارہ لازم نہ ہو گا،البتہ اگر کسی نے اس کھال کو حلق سے نیچے نہ اُتارا بلکہ محض دانتوں سے چُبایا تو روزہ نہیں ٹوٹے گا ۔

حاشیۃ الطحطاوی میں ہے : لو تناول شيئا من خارج ولو سمسمة أو قطرة مطر فوصلت إلى حلقه فسدت صلاته وصومه إذا كان ذاكرا.

[ حاشية الطحطاوي على مراقي الفلاح شرح نور الإيضاح،كتاب الصلاة ،ص ٣٤١]

علامہ سراج الدین ابن نجیم فرماتے ہیں: الصائم إذا ابتلع سمسمة بين أسنانه لا يفسد صومه ولو كان من الخارج فسد ولو مضغها لا.

[ابن نجيم، سراج الدين، النهر الفائق شرح كنز الدقائق، ١٨/٢]

فتاوی ہندیہ میں ہے: إذا ابتلع ما لا يتغذى به، ولا يتداوى به عادة كالحجر والتراب لا يوجب الكفارة كذا في التبيين، ولو ابتلع حصاة أو نواة أو حجرا أو مدرا أو قطنا أو حشيشا أو كاغدة فعليه القضاء، ولا كفارة كذا في الخلاصة.

[مجموعة من المؤلفين، الفتاوى الهندية،كتاب الصوم ،الباب الرابع ،٢٠٢/١]

بہار شریعت میں ہے :تل یا تل کے برابر کھانے کی کوئی چیز باہر سے مونھ میں ڈال کر بغیر چبائے نگل گیا ،تو روزہ گیا۔

(بہار شریعت، جلد1،حصہ 5، صفحہ 993، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

فتاوی اہلسنت( دعوت اسلامی) میں ہے : جب روزہ دار ہونٹوں سے کھال کاٹے گا، تو وہ منہ کے باہر سے کھال کو منہ کے اندر لے جائے گا، لہذا یہ کھال بغیر چبائے غلطی سے یا بالقصد حلق سے نیچے اتر گئی اور روزہ دار ہونا بھی یاد تھا، تو روزہ ٹوٹ جائے گا ،چاہےوہ کھال کم ہو یا زیادہ، اس روزہ کی قضا لازم ہوگی، کفارہ واجب نہیں ہوگا ۔ ( فتاوی اہلسنت غیر مطبوعہ،فتوی نمبر 7022، تاریخ اجراء: 16 مارچ 2022)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کـتبـــــــــــــــــــــــہ

ابوالحسن محمد حق نوازمدنی

07 رمضان المبارک 1445ء 18 مارچ 2024ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں