ایک عورت جس کی عمر 25 سال تھی وہ حاملہ ہوئی تو اس نے ڈی این سی کے ذریعےحمل ساقط کروا دیا اس کے بعد 8 مہینے تک اسے حیض نہیں آیا اور اسے طلاق ہوگئی تو اب وہ عدت کیسے گزارے گی؟
ایسی عورت جس کو حیض آچکا ہو مگر اب حیض نہیں آتا اور وہ سن ایاس(55 سال) کو بھی نہیں پہنچی اور وہ حاملہ بھی نہیں تو اس کی عدت تین حیض ہی ہے،جب تک تین حیض نہ آئیں یا سن ایاس کو نہ پہنچ جائے عدت ختم نہیں ہو سکتی۔فتاوی فیض الرسول میں ہے:”اگر زبیدہ حاملہ یا آئسہ یعنی پچپن سالہ نہ ہو تو اس کی عدت تین حیض ہے۔۔الخ“
(فتاوی فیض الرسول،جلد2،صفحہ312)
بہار شریعت میں ہے:”عورت کو حیض آچکا ہے مگر اب نہیں آتا اور ابھی سن ایاس کو بھی نہیں پہنچی ہے اس کی عدت حیض سے ہے جب تک تین حیض نہ آلیں یا سن ایاس کو نہ پہنچے اس کی عدت ختم نہیں ہو سکتی۔۔الخ“
(بہار شریعت،جلد2،حصہ8،صفحہ237)
نوٹ:جن کے ساتھ یہ مسئلہ ہووہ اس کے حل کے لئےدار الافتاء اہلسنت سے رجوع کریں۔