کیا جوتے پہن کر نماز جنازہ ادا کر سکتے ہیں؟
جوتے پہن کر نماز جنازہ پڑھنا شرعا جائز ہے لیکن شرط یہ ہے کہ جوتا اور اس کے نیچےکی زمین، ناپاک نہ ہو،لیکن اگر جوتا اتار کر اس کے اوپر پاؤں رکھ کر نماز جنازہ ادا کی جائے توصرف جوتے کے اوپر والے حصہ کا پاک ہونا ضروری ہے،اگر نیچے والا حصہ اور زمین ناپاک بھی ہوئی تو نماز درست ہوجائے گی،لیکن بہتر یہ ہے کہ جوتے بالکل اتار دیے جائیں کیونکہ عموما استعمالی جوتے گندے ہوتے ہیں اگرچہ ناپاک نہ بھی ہوں۔ عالمگیری میں ہے:”ولو قام علی النجاسۃوفی رجلیہ نعلان او جوربان لم تجز صلاتہ کذا فی محیط السرخسی ولو خلع نعلیہ وقام علیھما جاز سواء کان ما یلی الارض منہ نجسااو طاھرا اذا کان ما یلی القدم طاہرا“یعنی:اور اگر نمازی نجاست پر کھڑا ہواحالانکہ اس کے پاؤں میں جوتے یا موزے ہیں تو اس کی نماز نہ ہوئی ایسا ہی محیط سرخسی میں ہے،اور اگر جوتے اتار دے اور ان پر کھڑا ہوجائے تو جائز ہے چاہے جوتے سے متصل زمین کا حصہ ناپاک ہو یا پاک ہو جبکہ پاؤں سے ملا ہوا حصہ پاک ہو۔(عالمگیری،جلد1،صفحہ69)