صدقہ فطر کس پر دینا واجب ہے؟
صدقہ فطر اس آزاد مسلمان پر واجب ہے جو صاحب نصاب ہو اور اس کا نصاب حاجت اصلیہ سے فارغ ہو۔صاحب نصاب سے مراد یہ ہے کہ جس کے پاس ساڑھے سات تولہ سونا یا ساڑھے باون تولہ چاندی ہو یا ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر رقم(ملکی/غیرملکی کرنسی/پرائز بانڈز) ہو یا ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر مال تجارت(جو چیز بیچنے کی نیت سے خریدی) ہو یا اتنی مالیت کا حاجت اصلیہ(ضروریات زندگی جن کی عموما انسان کو ضرورت ہوتی ہے اور ان کے بغیر گزارا کرنے میں دشواری ہوتی ہے) سے زائد سامان ہو۔اگر بیان کردہ چیزوں میں سے بعض ہیں اور ان کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر پہنچ جائے تو بھی صاحب نصاب کہلائے گا۔صدقہ فطر میں سال گزرنا،مال نامی ہونا اور بالغ ہونا شرط نہیں۔اگر کوئی عید کے دن صبح صادق کے وقت صاحب نصاب تھا تو صدقہ فطر واجب ہوگا۔
(کتب فقہ)