زید کا بکر کو ہفتہ وار یا ماہانہ رقم دے کر کہنا کہ اس رقم کے بدلے آپ میرے مرحومین کو ایصال ثواب کردیا کریں کیا اس طرح کرنا جائز ہے؟
نیکیوں اور عبادات پر اجارہ کرنا جائز نہیں۔ایصال ثواب کرنا ایک نیکی ہے اور زید کا بکر کو رقم کے بدلے ایصال ثواب کا کہنا اجارہ ہے،لہذا ایسا کرنا ناجائز و گناہ ہے۔اعلی حضرت رحمۃ اللہ علیہ لکھتے ہیں:” اصل یہ ہے کہ طاعت وعبادات پر اجرت لینا دینا (سوائے تعلیم قرآن عظیم وعلوم دین و اذان وامامت وغیرہا معدودے چنداشیاء کو جن پر اجارہ کرنا متاخرین نے بنا چاری ومجبوری بنظر حال زمانہ جائز رکھا) مطلقا حرام ہے، اور تلاوت قرآن عظیم بغرض ایصال ثواب وذکر شریف میلاد پاک حضور صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم ضرورت منجملہ عبادات وطاعت ہیں تو ان پر اجارہ بھی ضرور حرام ومحذور۔۔الخ“
(فتاوی رضویہ،جلد19،صفحہ486)