بیت المقدس مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھنے کا حکم کب سے کب تک تھا اور کعبہ شریف کو کب قبلہ بنایا گیا؟
User ID:نظام الدین اشرفی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں اختلاف ہے کہ جب نماز فرض ہوئی تو کس طرف منہ کر کے نماز پڑھی گئی کثیر دلائل بلکہ صحابی رسول حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے یہی ثابت ہے کہ بیت المقدس ہی کی طرف منہ کر کے مکہ میں نماز پڑھی جاتی رہی اور مدینہ میں بھی کچھ عرصہ ایسا رہا ،پھر قبلہ تبدیل ہونے کا قرآن میں حکم آیا اور بیت اللہ شریف قیامت تک مسلمانوں کا قبلہ بن گیا۔فتح الباری لابن رجب میں ہے: ”وقد اختلف الناس هل كان النبي صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ و سلم بمكة قبل هجرته يصلي إلى بيت المقدس أو إلى الكعبة؟ فروى عن ابن عباس: إنه كان يصلي بمكة نحو بيت المقدس والكعبة بين يديه. خرجه الإمام أحمد . وقال ابن جريج: صلى أول ما صلى إلى الكعبة، ثم صرف إلى بيت المقدس وهو بمكة، فصلت الأنصار قبل قدومه صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ و سلم إلى بيت المقدس ثلاث حجج وصلى بعد قدومه ستة عشر شهرا، ثم وجهه الله إلى البيت الحرام. وقال قتادة: صلت الأنصار قبل قدومه صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ و سلم المدينة نحو بيت المقدس حولين.۔۔۔ وهؤلاء منهم من قال: ذلك كان باجتهاد منه لا بوحي “ترجمہ: لوگوں نے اس بارے میں اختلاف کیا کہ آیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم ہجرت سے پہلے مکہ میں نماز بیت المقدس کی طرف منہ کر کے پڑھتے تھے یا کعبہ معظمہ کی طرف منہ کر کے ؟حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ وہ مکہ میں بیت المقدس کی طرف منہ کر کے نماز پڑھتے تھے جبکہ کعبہ معظمہ بھی سامنے ہوتا تھا۔ اسے امام احمد نے روایت کیا ہے۔ ابن جریج کہتے ہیں: حضور علیہ السلام نے سب سے پہلے کعبہ کی طرف منہ کر کے نماز پڑھی، پھر مکہ میں رہتے ہوئے بیت المقدس کی طرف تین سال تک رخ کیا پھر ہجرت کے بعد سولہ مہینے بیت المقدس کی طرف منہ کیا، پھر بیت الحرام کی طرف رخ کیا۔ حضرت قتادہ نے فرمایا: حضور علیہ السلام کی آمد سے قبل انصار نے مدینہ میں بیت المقدس کی طرف دو سال تک نماز پڑھی۔ ان میں سے جن علماء نے جو فرمایا وہ اپنے اجتہاد سے ہے نہ کہ الہام سے۔ (فتح الباری لابن رجب، جلد1، صفحہ183، مكتبة الغرباء الأثرية، المدينة النبوية)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
22ربیع الثانی 5144 ھ7 نومبر 2023 ء