عورت کا محارم کے سامنے پینٹ شرٹ پہننا
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ کیا عورت گھر میں اپنے محارم کے سامنے پینٹ شرٹ پہن سکتی ہے؟
User ID:آمنہ ایاز
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ عورت کا اپنے محارم کے سامنے ایسی پینٹ شرٹ پہننا جس سے اعضاء کی ہیئت واضح ہو نہیں پہن سکتی اور اگر پینٹ شرٹ ایسی ہو جو جسم کے ساتھ نہ چپکے اور اعضا کی ہیئت واضح نہ ہو بلکہ صرف بازو،گلہ وغیرہ کھلا ہو تو پہننا جائز ہے کیونکہ عورت کے محارم(باپ،بیٹا،بھائی،وغیرہ) کا عورت کے سر اور بالوں کو دیکھنا جائز ہے جبکہ شہوت سے نہ دیکھے ورنہ جائز نہیں البتہ بہتر ہے کہ عورت اس لباس کے بجائے کوئی مہذب لباس پہنے ۔بدائع الصنائع میں ہے: ’’يحل للرجل النظر من ذوات محارمه إلى رأسها وشعرها وأذنيها وصدرها وعضدها و ثديها وساقها وقدمها‘‘ترجمہ: کسی شخص کا اپنی محرم رشتے دار خاتون کے سر، بال، کانوں، سینے، بازو، چھاتی، پنڈلی اور قدموں کی طرف نظر کرنا ، جائز ہے۔
(بدا ئع الصنائع، جلد6،کتاب الاستحسان ، صفحہ489،مطبوعہ کوئٹہ )
دیکھنا تب جائز ہے جب شہوت نہ ہو اس حوالے سے در مختار میں ہے: ’’إن أمن شهوته وشهوتها أيضا وإلا لا‘‘ترجمہ:اگر مرد اور عورت کو اپنی شہوت نہ بھڑکنے پر اعتماد ہو تو دیکھنا جائز ہے، ورنہ ہرگز جائز نہیں۔
(درمختار مع ردالمحتار ، جلد9،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی النظر واللبس، صفحہ605، مطبوعہ کوئٹہ )
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
14جمادی الاولی 5144 ھ30نومبر 2023 ء