بے پردہ عورتوں کو دم کرنے والے کو امام بنانا
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ جو امام بے پردہ عورتوں کو مسجد میں بٹھا کر دم کرے تو ایسے شخص کو امام بنانے کا کیا حکم ہے ؟
User ID:محمد فیضان عطاری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں حکم شرع یہ ہے کہ امام مسجد کا یوں عورتوں کو دم کے لیے بلانا درست نہیں کہ مسجد میں ناپاکی کے ایام میں بھی عورتیں آسکتی ہیں نیز چھوٹے بچے بھی ساتھ لائیں گی جس سے شور اور ناپاکی کا خطرہ ہوتا ہے افر عورتیں بے پردہ ہوں اور یہ نگاہوں کی حفاظت نہ کرے یا بے پردگی پر انہیں منع نہ کرے تو گناہگار ہے اور اعلانیہ ایسا کرتا ہے تو فاسق معلن ہے اور فاسق معلن کے پیچھے نماز پڑھنا مکروہ تحریمی و گناہ ہے ایسے شخص کے پیچھے پڑھی گئی نماز کا اعادہ کرنا یعنی لوٹانا واجب ہے۔ ارشاد فرمایا:﴿ قُلْ لِّلْمُؤْمِنِیْنَ یَغُضُّوْا مِنْ اَبْصَارِهِمْ وَ یَحْفَظُوْا فُرُوْجَهُمْ ذٰلِكَ اَزْكٰى لَهُمْ اِنَّ اللّٰهَ خَبِیْرٌۢ بِمَا یَصْنَعُوْنَ وَ قُلْ لِّلْمُؤْمِنٰتِ یَغْضُضْنَ مِنْ اَبْصَارِهِنَّ وَ یَحْفَظْنَ فُرُوْجَهُنَّ وَ لَا یُبْدِیْنَ زِیْنَتَهُنَّ اِلَّا مَا ظَهَرَ مِنْهَا وَ لْیَضْرِبْنَ بِخُمُرِهِنَّ عَلٰى جُیُوْبِهِنَّ ﴾ترجمۂ کنزُالعرفان : ’’مسلمان مردوں کو حکم دو کہ اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کریں، یہ ان کے لیے زیادہ پاکیزہ ہے، بیشک اللہ ان کے کاموں سے خبردار ہے۔اور مسلمان عورتوں کو حکم دو کہ وہ اپنی نگاہیں کچھ نیچی رکھیں اور اپنی پارسائی کی حفاظت کریں اور اپنی زینت نہ دکھائیں،مگر جتنا (بدن کاحصہ) خود ہی ظاہر ہے اور وہ اپنے دوپٹے اپنے گریبانوں پر ڈالے رکھیں ۔‘‘
(پارہ 18 ،سورۃ النور ، آیت 30 ، 31)
تبیین الحقائق میں ہے: ” (وكره إمامة العبد والفاسق) لأنه لا يهتم لأمر دينه؛ ولأن في تقديمه للإمامة تعظيمه وقد وجب عليهم إهانته شرعا “ترجمہ: غلام اور فاسق کی امامت بھی مکروہِ تحریمی ہےکیونکہ وہ دینی احکامات کی پرواہ نہیں کرتا، اور اس لئے بھی کہ اسے ( یعنی فاسق کو ) امام بنانے میں اس کی تعظیم ہے جبکہ شرعاً ان پر اس کی اہانت واجب ہے۔
( تبيين الحقائق،جلد 01، صفحہ 134 ،مطبعہ کبری)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
6ربیع الثانی 5144 ھ22 اکتوبر 2023 ء