داڑھی منڈانے سے توبہ کرنے والے کے پیچھے نماز

داڑھی منڈانے سے توبہ کرنے والے کے پیچھے نماز

سوال: ایک مٹھی سے کم داڑھی رکھنے والا اگر توبہ کر لے تو مٹھی داڑھی ہونے سے پہلے کیا وہ امامت کروا سکتا ہے؟

User ID:حافظ محمد عرفان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

پوچھی گئی صورت میں جب تک اس کی توبہ مشاہدے سے قابل اطمینان نہ ہو جائے وہ امامت نہیں کروا سکتا اوراگر اس کی توبہ قابل اطمینان ہو تو داڑھی مکمل ہونے سے پہلے بھی امامت کروا سکتا ہے البتہ جو حفاظ رمضان المبارک میں داڑھی تراویح پڑھانے کے لیے حیلہ کرتے ہیں پھر کٹوا دیتے ہیں ان کی توبہ کا اعتبار نہیں۔فاسق کی توبہ کے قبول کرنے اور اسے امام بنانے کے بارے میں فتاوی رضویہ میں ہے:” اللہ عزوجل اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتا ہے اور گناہ بخشتا ہے۔﴿ وَ ہُوَ الَّذِیۡ یَقْبَلُ التَّوْبَۃَ عَنْ عِبَادِہٖ وَ یَعْفُوۡا عَنِ السَّیِّاٰتِ ﴾ (یعنی : اور وہی اپنے بندوں کی توبہ قبول کرتا ہے اور گناہ معاف کرتا ہے)جو لوگ توبہ نہیں مانتے ، گنہگار ہیں، ہاں اگر اس کی حالت تجربہ سے قابل اطمینان نہ ہو اور یہ کہیں کہ تونے توبہ کی اللہ توبہ قبول کرے۔ ہم تجھے امام اس وقت بنائیں گے ، جب تیری صلاح حال ظاہرہو ، تو یہ بجا ہے۔ “

(فتاوی رضویہ ، جلد6 ، صفحہ605 ، رضا فاؤنڈیشن، لاھور )

فسق اعلانیہ کا مرتکب شخص اگر اپنے گناہ سے توبہ کرلے اور توبہ کے بعد اس کی ظاہری حالت قابل اطمینان ہوجائے ، تواس کو امام بنانے میں حرج نہیں ۔ جیساکہ سیدی اعلیٰ حضرت سے فاسق معلن جس نے اپنے گناہوں سے توبہ کر لی تھی ، اس کی امامت کے بارے میں سوال ہوا ، توآپ نے جواب میں فرمایا: ” جب بعد توبہ صلاح حال ظاہر ہو ، اس کے پیچھے نماز میں حرج نہیں ، اگر کوئی مانع شرعی نہ ہو۔“

(فتاوی رضویہ ، جلد6 ، صفحہ605 ، رضا فاؤنڈیشن، لاھور )

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ

29صفر المظفر5144 ھ16 جولائی 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں