لڑکی پر پردہ لازم ہونے کی عمر
سوال: لڑکی پر کس عمر میں پردہ کرنا لازم ہے؟
User ID:غلام نبی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
بچی جب پندرہ سال کی ہوجائےتواسے سب غیرمحارم سےپردہ کرناواجب ہے اورنو سال سے پندرہ سال تک اگر آثارِ بلوغ(یعنی بالغ ہونے کی علامات:حیض آنا یا احتلام ہونا یا حاملہ ہونا) ظاہر ہوں ،توپھربھی پردہ واجب ہے اور اگر آثار بلوغ ظاہر نہ ہوں،تو پردہ واجب تونہیں ہے،البتہ مستحب ضرور ہے ،خصوصاً بارہ سال کی ہو، تو بہت مؤ کد ( یعنی سخت تاکید ہے) کہ یہ بالِغہ ہونے اور شَہوت کے کمال تک پہنچنے کا قریبی زمانہ ہے البتہ نو سال سے پہلے بھی پردے کی عادت بچی کو ڈلوائی جائے تاکہ بچی بڑے ہو کر پردے کی عادی بنے۔ فتاوی رضویہ میں سیدی اعلی حضرت امام اہلسنت امام احمد رضا خان بریلوی رحمۃاللہ علیہ فرماتے ہیں :”نو برس سے کم کی لڑکی کو پردہ کی حاجت نہیں اور جب پندرہ برس کی ہوسب غیر محارم سے پردہ واجب اور نو سے پندرہ تک اگر آثار بلوغ ظاہر ہوں تو( بھی پردہ) واجب ، اور نہ ظاہر ہوں تو مُستحب خصوصا بارہ برس کے بعد بہت مُؤَکَّد ( یعنی سخت تاکید ہے) کہ یہ زمانہ قرب بلوغ وکمال اشتہاکاہے۔‘‘ (فتاویٰ رضويہ جلد23،صفحہ639،رضافاؤنڈیشن،لاھور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
5 ربیع الاول 5144 ھ22 ستمبر 2023 ء