عورت کو عموما جن تاریخوں میں حیض آتا ہے اس میں حیض کا خون تو نہ آئے مگر حیض کے ایام جیسا درد ہوتو کیا حکم ہے ؟
ایام مخصوصہ سے پہلے پیٹ میں درد ہونا حیض کی علامت میں سے تو ہے لیکن شرعا حیض کا حکم اس وقت تک نہیں دیں گے جب تک خون فرج خارج میں نہ آئے،لہذا اگر درد ہو اور خون نہ آئے تو عورت پاک شمار ہوگی، نماز بھی پڑھے گی اور اس سے ہمبستری کرنا بھی جائز ہے لیکن ہمبستری میں احتیاط کرنا بہتر ہے۔عالمگیری میں ہے:”خروج الدم الی الفرج الخارج ولو بسقوط الکرسف فادام بعض الکرسف حائلا بین الدم و الفرج الخارج لا یکون حیضا“یعنی:خون کا فرج خارج سے نکل آنا(حیض ہونے کے لئے ضروری ہے)اگرچہ جو کپڑا رکھا تھا اس کے گرنے کے سبب خارج ہو تو اگر کچھ کپڑا خون اور فرج خارج کے درمیان حائل ہے(کہ خون فرج خارج میں نہیں آتا) تو حیض نہیں۔
(عالمگیری،جلد1،صفحہ36)