جس نے روزے نہ رکھے ہوں کیا وہ بھی فطرہ دے گا؟
کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس بارے میں کہ جس نے روزے نہیں رکھے کیا اس کو بھی صدقہ فطر دینا ہوگا ؟
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایہ الحق والصواب
صورت مسئولہ کے مطابق صدقہ فطر ہر آزاد مسلمان پر واجب ہے جس کا نصاب حاجت اصلیہ سے فارغ ہو اور اس میں عاقل بالغ اور مال نامی ہونا شرط نہیں ہے۔ اسی طرح اس کے لیے روزہ رکھنا بھی ضروری نہیں ہے کہ روزہ ایک مستقل عبادت ہے ۔پس اگر کسی نے مرض ، بڑھاپے ، سفر یا کسی عذر کے سبب یا بغیر عذر روزہ چھوڑا تب بھی اس پر صدقہ فطر واجب ہے ۔
الھدایہ میں ہے
”صدقۃ الفطر واجبۃ، علی کل الحر المسلم، إذا کان مالکا لمقدار النصاب“
ترجمہ:صدقہ فطر ہر آزاد مسلمان پر واجب ہے جو کہ مقدار نصاب کا مالک ہو۔(ھدایہ ،جلد 1، صفحہ 244، مطبوعہ بیروت)
ردالمختار میں ہے
”علی کل حر مسلم ولو صغیرا او مجنونا“
ترجمہ:صدقہ فطر ہر آزاد اور مسلمان پر واجب ہے اگرچہ وہ نابالغ یا مجنوں ہو۔( رد المحتار على الدر المختار، ج 2، ص 359، دار الفكر، بيروت)
بہار شریعت میں ہے:
”صدقۂ فطر ہر مسلمان آزاد مالکِ نصاب پر جس کی نصاب حاجت اصلیہ سے فارغ ہو واجب ہے۔ اس میں عاقل بالغ اور مال نامی ہونے کی شرط نہیں۔“(بہار شریعت، جلد 1 ،حصہ 5، صفحہ 941، مکتبہ المدینہ کراچی)
رد المحتار میں ہے
”تجب الفطرة وإن أفطر عامدامن أفطر لكبر أو مرض أو سفر يلزمه صدقة الفطر“
ترجمہ:اور صدقہ فطر واجب ہے اگرچہ جان بوجھ کر روزہ نہ رکھے۔اگر بڑھاپے یا مرض یا سفر کی وجہ سے روزہ نہ رکھے تب بھی صدقہ فطر لازم ہوگا۔( رد المحتار على الدر المختار، ج 2، ص 361، دار الفكر، بيروت)
بہار شریعت میں ہے :
”صدقۂ فطر واجب ہونے کے لیے روزہ رکھنا شرط نہیں ، اگر کسی عذر، سفر، مرض، بڑھاپے کی وجہ سے یا معاذ اﷲ بلاعذر روزہ نہ رکھا جب بھی واجب ہے۔“(بہار شریعت، جلد 1 ،حصہ 5، صفحہ 942، مکتبہ المدینہ کراچی)
فتاویٰ فیض الرسول میں ہے :
”صدقہ فطر واجب ہونے کے لیے روزہ رکھنا شرط نہیں، لہذا جو شخص مالک نصاب ہو اگر کسی عذر مثلاً سفر، مرض، بڑھاپے کی وجہ سے یا معاذ اللہ بلا عذر روزہ نہ رکھے جب بھی اس پر صدقہ فطر واجب ہے۔“(فتاویٰ فیض الرسول، جلد 1، صفحہ 469 ، اکبر بک سیلرز لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــہ
ممبر فقہ کورس
16رمضان المبارک1445ھ26مارچ 2024ء
نظر ثانی:
مفتی محمد انس رضا قادری