الیکٹرک اسکوٹر یا ویل چیئر پر طواف کرنے کا کیا حکم ہے؟
طواف کے واجبات میں سے ایک واجب پیدل طواف کرنا ہے اور بلا اجازت شرعی پیدل طواف نہ کرنا ترک واجب،ناجائز و گناہ ہے۔اگر کسی نے بلا عذر فرض یا واجب طواف الیکٹرک اسکوٹر یا ویل چیئر پر کیا تو دم لازم ہوگا اور نفلی طواف کیا تو ہر چکر کے بدلے ایک صدقہ فطر واجب ہوگا۔اگر ایسے طواف کا پیدل اعادہ کرلیا جائے تو دم اور کفارے ساقط ہوجائیں گے اگرچہ وطن واپس آگیا ہو لیکن واطن واپس آنے کی صورت میں بہتر کفارے ادا کرنا ہے اور مکہ مکرمہ میں ہو تو اعادہ لازم ہے۔شرح لباب المناسک میں ہے:” من الواجبات ألمشی فیہ للقادر“یعنی:طواف کے واجبات میں سے ہے جو قادر ہو اسے پیدل طواف کرنا۔
(ارشاد الساری،صفحہ215)
فتاوی حج و عمرہ میں ہے : ”اعادہ واجب ہونے کی صورت میں اعادہ ہی ضروری ہو گا ، ہاں اگر کسی وجہ سے اعادہ نہ کر سکا اور چلا گیا ، تو فرض اور واجب طواف میں دم اور نفلی طواف میں صدقہ لازم آئے گا۔“
(فتاوی حج و عمرہ ، حصہ9 ، صفحہ68)