روزے کی حالت میں بے ہوش ہونے سے روزوں کا حکم

روزے کی حالت میں بے ہوش ہونے سے روزوں کا حکم

سوال:مفتی صاحب، ایک شخص ایکسیڈنٹ میں حالت روزہ میں بیہوش ہوا اور تین دن کے بعد ہوش آیا اب اسکے روزے کا کیا حکم ہوگا ؟

(سائل:ابو العمار آدم علی)

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوہاب اللہم ہدایۃ الحق والصواب

♦ بیہوشی کے سبب روزہ نہیں ٹوٹتا،لہذا جو شخص روزے کی حالت میں بے ہوش ہو جائے اگر اُسے کسی نے کچھ بھی کھلایا، پلایا نہیں تو اُس کا وہ روزہ ہو جائے گا ،اُس پر اُس روزےکی قضاء لازم نہیں۔

♦ اگر ایسا شخص کچھ دن کے بعد ہوش میں آئے تو اُس کے بعد والے روزے ادا نہ ہوں گے،اگرچہ اُس نے ان دنوں میں کچھ بھی کھایا پیا نہ ہوکیونکہ روزے کے لیے نیت شرط ہے جبکہ بیہوش یا مجنون نیت کا اہل نہیں،لہذا اس پر بعد والے روزوں کی قضاء لازم ہے۔

علامہ فخرالدین زیلعی حنفی علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں : (ويقضي بإغماء سوى يوم حدث في ليلته) أي يقضي إذا فاته الصوم بسبب الإغماء لأنه نوع مرض لا يزيل الحجا ويضعف القوى فلا ينافي في الوجوب ولا الأداء ولا يقضي يوما حدث في ليلته الإغماء لوجود الصوم فيه إذ الظاهر أنه ينوي من الليل حملا لحال المسلم على الصلاح حتى لو كان متهتكا يعتاد الأكل في نهار رمضان أو مسافرا قضاه كله لعدم ما يدل على وجود النية وإن أغمي عليه رمضان كله قضاه كله إلا أول يوم منه لما قلنا وإن كان الإغماء حدث في شعبان قضاه كله لعدم النية قال – رحمه الله [تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشلبي،كتاب الصوم ،فصل فى العوارض ، ٣٤٠/١]

ایک اور مقام پر ہے : الصوم لا يقضي اليوم الذي حدث فيه الإغماء ويقضي ما بعده فأفادوا أن الإغماء إنما ينافي شرط الصوم وهو النية والظاهر وجود النية في اليوم الذي حدث فيه الإغماء فلا يقضيه

[الزيلعي ، فخر الدين، تبيين الحقائق شرح كنز الدقائق وحاشية الشلبي، كتاب الصوم، ٣٥٣/١]

بہار شریعت میں ہے : رات میں روزہ کی نیّت کی اور صبح غشی کی حالت میں ہوئی اور یہ غشی کئی دن تک رہی تو صرف پہلے دن کا روزہ ہوا باقی دنوں کی قضا رکھے، اگرچہ پورے رمضان بھر غشی رہی اگرچہ نیّت کا وقت نہ ملا۔( بہار شریعت، روزے کا بیان،ج1، ح5،مکتبۃ المدینہ)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کـتبـــــــــــــــــــــــہ

ابوالحسن محمد حق نوازمدنی

16 رمضان المبارک 1445ء 27 مارچ 2024ھ

اپنا تبصرہ بھیجیں