کیاایسی کوئی حدیث ہے کہ عورت سے چار وجہ سے شادی کی جاتی ہے؟
اس طرح کی حدیث کتابوں میں موجود ہے۔چنانچہ بخاری شریف میں ہے:”تنکح المرآۃ لاربع لمالھاولحسبھا وجمالھا ولدینھا فاظفر بذات الدین تربت یداک“یعنی:عورت کے ساتھ چار وجہوں سے نکاح کیا جاتا ہے اس کے مال کے سبب اور اس کے حسب کے سبب اور اس کے جمال کے سبب اور اس کے دین کے سبب اور تم دین والی کو ترجیح دے کر کامیابی حاصل کرو(اگر ایسا نہ کرو) تو تمہارے ہاتھوں کو مٹی لگےگی۔
(بخاری،5090)
شرح:” عام طورپر لوگ عورت کے مال،جمال اور خاندان پر نظر رکھتے ہیں ان ہی چیزوں کو دیکھ کر نکاح کرتے ہیں مگر تم عورت کی شرافت ودینداری تمام چیزوں سے پہلے دیکھو کہ مال و جمال فانی چیزیں ہیں دین لازوال دولت،نیز دیندار ماں دیندار بچے جنتی ہے۔۔ اگر تم ہمارے اس فرمان پر عمل نہ کرو تو پریشان ہوجاؤ گے فرمایا نبی کریم صلی اللہ علیہ و سلم نے کہ جو عورت کا صرف مال دیکھ کر نکاح کرے گا وہ فقیر رہے گا،جو صرف خاندان دیکھ کر نکاح کرے گا وہ ذلیل ہوگا اور جو دین دیکھ کر نکاح کرے گا اسے برکت دی جائے گی۔“
(مرآۃ المناجیح،جلد5،حدیث3080)