دوران نماز موبائل کی لائٹ آن کرنا کیسا؟
جیب سے موبائل نکال کر لائٹ آن کرناعمل کثیر ہے اور نماز میں عمل کثیر سے نماز ٹوٹ جاتی ہے جبکہ وہ عمل نماز یا اصلاح نماز سے نہ ہو۔ بدائع الصنائع میں ہے:”کل عمل لو نظر الناظر الیہ من بعید لا یشک انہ فی غیر الصلاۃ فھو کثیر و کل عمل لو نظر الیہ ناظر ربما یشتبہ علیہ انہ فی الصلاۃ فھو قلیل وھو الاصح“ترجمہ:ہر وہ عمل جس کی طرف دور سے دیکھنے والا نظر کرے تو شک نہ رہے(یعنی گمان غالب ہوجائے) کہ یہ نماز میں نہیں ہے تو وہ عمل کثیر ہے اور ہر وہ عمل جس کی طرف کوئی بھی دیکھنے والا نظر کرے تو وہ شک میں مبتلا ہوجائے کہ یہ نماز میں ہے یا نہیں تو وہ عمل قلیل ہے اور یہ تعریف زیادہ صحیح ہے۔
(بدائع الصنائع،جلد 2،صفحہ 146)
در مختار میں ہے:”(و)یفسدھا (کل عمل کثیر) لیس من اعمالھا ولا لاصلاحھا“ترجمہ:ہر وہ عمل کثیر نماز کو توڑ دیتا ہے جو نہ نماز کے اعمال سے ہو نہ ہی نماز کی اصلاح کے لئے کیا گیا ہو۔
(در مختار مع رد المحتار،جلد 2، صفحہ 464،465)