ہم جدہ میں رہتے ہیں اور حاضری کے لئے مدینہ شریف جاتے ہیں اگر مدینہ سے واپسی پر کچھ دن بعد دوبارہ مدینہ جانے کا ارادہ ہوتو جدہ میں نماز کون سی پڑھیں گے ؟
جدہ سے مدینہ آپ جب بھی 15 دن سے کم رہنے کی نیت سے حاضر ہوں گے تو قصر پڑھیں گے۔واپسی پر جدہ میں نماز کے حوالے سے تفصیل یہ ہے کہ اگر جدہ آپ کا وطن اصلی ہے یعنی یا تو آپ کی جدہ میں پیدائش ہوئی ہے یا جدہ میں اس نیت سے مستقل رہائش بنا لی ہے کہ اب جدہ سے واپس نہیں جانا یا جدہ میں آپ نے شادی کی ہو اور بیوی بچے بھی جدہ ہی میں ہیں تو جدہ میں تھوڑی دیر کے لئے بھی آئیں گے تو پوری نماز پڑھیں گے۔اور اگر جدہ آپ کا وطن اصلی نہیں بلکہ وطن اقامت ہے یعنی یہاں آپ 15 دن سے زیادہ کی نیت سے رہتے ہیں تو جب بھی جدہ سے سفر شرعی کریں گے تو جدہ آپ کاوطن اقامت نہیں رہے گا جب تک دوبارہ آپ 15 دن رہنے کی نیت نہ کریں،تو اگر مدینہ سے واپسی پر آپ کا جدہ میں 15 دن رہنے کا ارادہ نہیں بلکہ 15 دن سے پہلے دوبارہ مدینے حاضری کا ارادہ ہے تو جدہ میں بھی آپ قصر نماز پڑھیں گے۔(کتب فقہ)