کرکٹ میچ کھیلنے اور دیکھنے کا حکم
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ کرکٹ کھیلنا اور کرکٹ میچ دیکھنا کیسا ہے؟
User ID:اظہر حسین
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ کرکٹ تھوڑی دیر کے لیے ورزش و نشاط کے لیے بغیر شرط کے کھیلی جائے،کوئی نماز قضا نہ ہواور نہ ہی نیکر وغیرہ پہن کر کھیلی جائے تو جائز ہے ۔لیکن سارا دن کھیلتے رہنا اور نمازیں قضا کرنا ہو،نیز جوا ہو یا ٹی وی پر میچ دیکھنا جس میں بے حیائی کے مناظر،میوزک اور دیگر خرافات ہوتی ہیں یہ سب ناجائز ہے۔فتاویٰ بحر العلوم میں ہے: ’’کھیل کی غرض سے جو افعال کئے جائیں شریعت میں حرام و نا جائز ہیں۔بالخصوص آج کل کا کرکٹ کا کھیل جو بے شمار برائیوں کا ذریعہ ہے، اس کھیل کے عادیوں کے پیچھے نماز ضرور مکروہ (تحریمی )ہے، چاہے کھیلنے والے ہوں یا دیکھنے والے ہوں‘‘۔
(فتاویٰ بحر العلوم، کتاب الحظر والاباحۃ، جلد 5، صفحہ 579، امام احمد رضا اکیڈمی، بریلی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
26جمادی الاخریٰ 1444ھ/ 9جنوری 2024 ء