سر اور داڑھی میں براؤن کلر لگانے کا حکم
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ کیا داڑھی اور سر کے بالوں کو براؤن کلر لگا سکتے ہیں؟
User ID:یاسر رشید
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ سر اور داڑھی کے بالوں میں براؤن رنگ لگا سکتے ہیں کیونکہ سیاہ اور ڈارک براؤن کے علاؤہ کوئی بھی رنگ لگانا جائز بلکہ مستحب ہے۔ مسلم شریف میں سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ فتح مکہ کے دن ابو قحافہ لائے گئے اور ان کا سر اور داڑھی ثغامہ(ایک قسم کا گھاس) کی طرح سفید تھی نبی کریمﷺ نے فرمایا: غیروا ھذا بشئ واجتنبوا السواد ترجمہ: اس (سفیدی) کو کسی چیز سے تبدیل کر دو اور سیاہ رنگ سے بچو۔
(صحیح مسلم،کتاب اللباس۔۔الخ باب استحباب خضاب الشیب بصفرۃ۔۔الخ ،حدیث2102)
صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: مرد کو داڑھی اور سر وغیرہ میں خضاب لگانا جائز بلکہ مستحب ہے مگر سیاہ خضاب لگانا منع ہے ۔
(بہار شریعت،حظر و اباحت کا بیان ،زینت کا بیان،جلد3،حصہ16،صفحہ600،مکتبۃ المدینہ کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
1 شعبان المعظم 1445ھ/ 12فروری 2024 ء