نماز کے بعد کپڑوں پر نجاست دیکھی تو
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ نماز کے بعد دیکھا تو کپڑے پر نجاست تھی تو اب کیا حکم ہے وہ نماز دوبارہ لوٹائی جائے گی یا نہیں۔
User ID:نعیم شہزاد
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ مذکورہ شخص کو جبکہ نجاست لگنے کے وقت کا یقینی طور پر معلوم نہیں تو اس کی نماز ہو گئی ۔ اس کی اعادے کی حاجت نہیں کیونکہ شرعی اصول کے مطابق اگر کسی نے اپنے کپڑوں پر نجاست دیکھی تو کسی نماز کا اعادہ نہیں کرے گا جب تک اس بات کا یقین نہ ہوجائے کہ جس وقت اس نے نما ز پڑھی تھی اس وقت بھی کپڑوں کو لگی ہوئی تھی۔ردالمحتار، البحرالرائق شرح کنزالدقائق،بدائع الصنائع،محیط رضوی، الجوہرۃالنیرۃ،النہرالفائق شرح کنزالدقائق وغیرہ کتب معتبرہ میں کچھ الفاظ کے فرق کے ساتھ ہے”واللفظ للاول:وفي السراج: لو وجد في ثوبه نجاسة مغلظة أكثر من قدر الدرهم ولم يعلم بالإصابة لم يعد شيئا بالإجماع وهو الأصح. اهـ. قلت: وهذا يشمل الدم، فيقتضي أن الأصح عدم الإعادة مطلقا تأمل“ترجمہ: اور سراج میں ہے کہ اگر کسی نے اپنے کپڑوں پر درہم کی مقدار سے زائد نجاست مغلظہ پائی اور یہ نہیں جانتا کہ کب سے لگی ہے تو بالاجماع کسی شی کااعادہ نہیں کرے گااور یہ اصح ہے ۔(علامہ شامی فرماتے ہیں )میں کہتا ہوں:یہ بات خون لگنے کو بھی شامل ہے پس اس کاتقاضا یہ ہے کہ مطلقا اعادے کا نہ ہونا اصح ہے۔غور وفکر کرو۔
(ردالمحتار،کتاب الطہارۃ،جلد1،صفحہ220،مطبوعہ بیروت)
محیط برہانی میں ہے: ” وإن رأى لا يعيد حتى يتيقن أنه صلى وهو فيه، هذا إذا كان ثوباً يلبسه بنفسه، وإن كان الثوب قد يلبسه غيره، فالنطفة والدم في ذلك سواء لا يلزمه الإعادة حتى يتيقن بوقت الإصابة، رطباً كان أو يابساً“ترجمہ:اور اگر اس نے اپنے کپڑوں پر نجاست دیکھی تو کسی نماز کا اعادہ نہیں کرے گا جب تک اس بات کا یقین نہ ہوجائے کہ جس وقت اس نے نما ز پڑھی تھی اس وقت بھی کپڑوں کو لگی ہوئی تھی۔اور اگر وہ کپڑا اس کے علاوہ بھی کوئی پہنتا ہے تو منی اور خون اس معاملے میں برابر ہیں کہ کسی نماز کا اعادہ لازم نہیں ہوگا حتی کہ اس کے لگنے کے وقت کا یقین ہوجائے،منی یا خون تر ہو خواہ خشک ہو۔
(محیط برہانی،الفصل الرابع عشر فیمن یصلی،جلد1،صفحہ480،مطبوعہ بیروت)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم
کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
مولانا انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
29رجب المرجب 1445ھ/ 10فروری 2024 ء