کیا غنیۃ الطالبین کتاب غوث پاک کی ہے؟

کیا غنیۃ الطالبین کتاب غوث پاک کی ہے؟

سوال: غنیۃ الطالبین کتاب حضور غوث پاک رحمۃ اللہ علیہ کی ہے یا نہیں؟

User ID:محمد رضوان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

غنیۃ الطالبین کتاب کے بارےمیں شیخ محقق عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ عبدالعزیز پرہاروی رحمۃ اللہ علیہ وغیرہ کے فرمان کے مطابق یہ کتاب حضورغوث الاعظم علیہ الرحمہ کی نہیں ہے اور سیدی اعلی حضرت امام احمد رضا خان علیہ الرحمہ نے فرمایا اس کتاب کے سیدی غوث الاعظم علیہ الرحمہ سے ہونے میں شبہ ہے البتہ امام حجر مکی علیہ الرحمہ کے نزدیک یہ کتاب سیدی غوث الاعظم علیہ الرحمہ کی ہی ہے لیکن بعض گمراہ قسم کے لوگوں نے اس میں اپنی طرف سے اضافہ کردیا ہے۔ لہذا یہ نہیں کہہ سکتے کہ اس میں جو کچھ لکھا ہے وہ سب سیدی غوث الاعظم علیہ الرحمہ کا ہے ۔ شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں :’’ہرگز نہ ثابت شدہ کہ اس تصنیف آنجناب است اگرچہ انتساب باآنحضرت یعنی ہرگز ثابت نہیں ہو سکا کہ یہ (غنیۃ الطالبین) حضور غوث پاک رضی اللہ عنہ کی تصنیف ہے, اگرچہ منسوب ان کی طرف ہے۔

(امام الاولیاء، صفحہ 85 ،بحوالہ حاشیہ نبراس ،مکتبہ اعلحضرت)

سیدی اعلحضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ تحریر فرماتے ہیں :’’اولاً کتاب غنیۃ الطالبین شریف کی نسبت , حضرت شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کا تو یہ خیال ہے کہ وہ سرے سے حضور پرنور سیدنا غوث اعظم رضی اللہ تعالٰی عنہ کی تصنیف ہی نہیں مگر یہ نفی مجرد ہے۔ اور امام حجر مکی رحمۃ اللہ علیہ نے تصریح فرمائی کہ اس کتاب میں بعض مستحقینِ عذاب نے الحاق کردیا ہے: فتاوٰی حدیثیہ میں فرماتے ہیں: ’’وایّاک ان تغتربما وقع فی الغنیۃ لامام العارفین و قطب الاسلام والمسلمین الاستاذ عبدالقادر الجیلانی رضی اللہ تعالٰی عنہ فانہ دسہ علیہ فیہا من سینتقم اﷲ منہ والا فہو برئ من ذلک:یعنی خبردار دھوکا نہ کھانا اس سے جو امام اولیاء سردارِ اسلام و مسلمین حضور سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی رضی اللہ تعالٰی عنہ کی غنیہ میں واقع ہوا کہ اس کتاب میں اسے حضور پر افتراء کرکے ایسے شخص نے بڑھا دیا ہے کہ عنقریب اللہ عزوجل اس سے بدلہ لے گا ، حضرت شیخ رضی اللہ تعالٰی عنہ اس سے بَری ہیں۔ (الفتاوی الحدیثیۃ صفحہ 148 مطبعۃ الجمالیہ مصر) (فتاوی رضویہ جلد 29 صفحہ رضا فاؤنڈیشن لاہور)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ

18ربیع الثانی 5144 ھ3 نومبر 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں