مسجد کے چندے سے جنازہ کی چارپائی خریدنا
سوال: کیا مسجد کے چندے سے نماز جنازہ کی چارپائی خریدی جا سکتی ہے؟
User ID:اعظم عطاری
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
مسجد کے چندے سے نماز جنازہ کی چارپائی خریدنا، جائز نہیں کیونکہ جنازہ کی چارپائی مسجد کے مصالح میں سے نہیں ہے اگر متولی نے اس چندے سے چارپائی خریدی تو متولی اس قیمت کا ضامن ہو گا ۔ فتاوی قاضی خان میں :ذكر الواقف في كتاب الوقف ان القيم يشتري جنازة ، لايجوز للقيم أن يشترى جنازة من غلة الوقف، ولو اشترى ونقد الثمن من غلة الوقف يكون ضامنا… وشراء الجنازة ليس من مصالح المسجد. ترجمہ: واقف نے وقف کی کتاب میں ذکر کیا کہ متولی مسجد جنازے کی چارپائی خریدے تو متولی کے لیے وقف کے غلے سے چارپائی خریدنا جائز نہیں اگر اس نے خریدا اور وقف کے غلے سے ثمن ادا کیا تو وہ ضامن ہو گا اور جنازے کا خریدنا مسجد کے مصالح میں سے نہیں ہے۔
(فتاوی قاضی خان،كتاب الوقف، باب الرجل يجعل داره مسجدا، جلد3، صفحہ297، کوئٹہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
6ربیع الاول 5144 ھ23 ستمبر 2023 ء