قرآن میں ایک حرف کی تبدیلی بھی ممکن نہیں
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ کیسے معلوم ہو کہ جو قرآن پاک ہم پڑھ رہے ہیں مسلمانوں کا ہے یا قادیانیوں کا ہے؟
User ID:عامر علی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
یہ عقیدہ رکھنا ہر مسلمان پر لازم ہے کہ قرآن پاک جس حالت پر نازل ہوا اسی حالت پر موجود ہے اس میں ایک حرف کی بھی تبدیلی نہی ہوئی کیونکہ قرآن پاک کی حفاظت کا ذمہ اللہ پاک نے خود لیا ہے اس میں کسی کے لیے بھی رد و بدل ممکن ہی نہیں۔ فرمان باری تعالی ہے: اِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَ اِنَّا لَهٗ لَحٰفِظُوْنَ(9)ترجمہ: بیشک ہم نے اس قرآن کو نازل کیا ہے اور بیشک ہم خود اس کی حفاظت کرنے والے ہیں۔( القرآن،سورۃ الحجر،آیت 9)
اس آیت کے تحت تفسیر صراط الجنان میں ہے:یاد رہے کہ تمام جن و اِنس اور ساری مخلوق میں یہ طاقت نہیں ہے کہ قرآنِ کریم میں سے ایک حرف کی کمی بیشی یا تغییر اور تبدیلی کرسکے اور چونکہ اللّٰہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم کی حفاظت کا وعدہ فرمایا ہے اس لئے یہ خصوصیت صرف قرآن شریف ہی کی ہے، دوسری کسی کتاب کو یہ بات مُیَسّر نہیں ۔
(تفسیر صراط الجنان ، سورۃ الحجر،تحت الآیۃ 9،)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
14ربیع الاول 5144 ھ 1 اکتوبر 2023 ء