بغیر وضو قرآن پاک کو چھونے کا حکم
سوال: بغیر وضو قرآن پاک کو چھونے کا کیا حکم ہے؟
User ID:فیضان چٹھا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
قرآن پاک یا اس کی کوئی آیت بغیر وضو چھونا حرام ہے ۔ اللہ پاک کا فرمان ہے:لَّا یَمَسُّهٗۤ اِلَّا الْمُطَهَّرُوْنَﭤ(79) ۔اسے پاک لوگ ہی چھوتے ہیں ۔ (القرآن،سورۃ الواقعہ،آیت 79)
حضرت عبد اللہ بن عمر رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے،رسولِ اکرم ﷺنے ارشاد فرمایا’’قرآن پاک کو وہی ہاتھ لگائے جو پاک ہو۔ (معجم صغیر، باب الیاء، من اسمہ: یحیی، ص ۱۳۹، الجزء الثانی)
نورالایضاح میں ہے: الوضوء علی ثلاثۃ اقسام : الاول فرض علی المحدث للصلاۃ ولو کانت نفلا و لصلاۃ الجنازۃ و سجدۃ التلاوۃ ولمس القرآن و لو آیۃ ترجمہ: وضو کی تین اقسام ہیں پہلی قسم حدث والے پر نماز کے لیے چاہے نفل نماز ہو اور نماز جنازہ کے لیے اور سجدہ تلاوت کے لیے اور قرآن کو چھونے کے لیے اگرچہ ایک ہی آیت ہو وضو کرنا فرض ہے۔
( نور الایضاح، کتاب الطہارۃ، فصل فی اوصاف الوضو ء، صفحہ37،المکتبۃ العصریہ)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
20صفر المظفر5144 ھ6 جولائی 2023 ء