ایک مجلس میں آیت سجدہ کو ایک سے زائد بار پڑھنا
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ ایک ہی جگہ بیٹھ کر ایک آیت سجدہ کو 50بار پڑھا تو کتنے سجدے لازم ہوں گے؟
User ID:ظہیر عباس
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت میں ایک ہی سجدہ کرنا واجب ہے کیونکہ ایک ہی مجلس میں ایک ہی آیت سجدہ تلاوت کی گئی البتہ آیت سجدہ تبدیل ہو جائے یا مجلس تبدیل ہو جائے تو مزید سجدے واجب ہو ں گے۔ تبیین الحقائق میں ہے:’’ولو تلاها فسجد ثم أطال الجلوس أو القراءة فأعادها لا يجب عليه أخرى لاتحاد المجلس‘‘ ترجمہ: اگر آیت سجدہ تلاوت کی پھر سجدہ کیا ، اس کے بعد کافی دیر بیٹھا رہا یا تلاوت کرتا رہا ،پھر اسی آیت کو دُہرایا تو دوسرا سجدہ واجب نہیں ہو گا کیونکہ مجلس متحد (ایک )ہے۔
(تبیین الحقائق ، کتاب الصلوۃ ، باب سجود التلاوۃ، ج1، ص208،مطبوعہ ملتان)
بہار شریعت میں ہے:’’ایک مجلس میں سجدہ کی ایک آیت کو بار بار پڑھا یا سنا ،تو ایک ہی سجدہ واجب ہوگا۔ مجلس میں آیت پڑھی یا سُنی اور سجدہ کر لیا ،پھر اسی مجلس میں وہی آیت پڑھی یا سُنی تو وہی پہلا سجدہ کافی ہے۔
(بھار شریعت ، جلد1، صفحہ735، مکتبۃ المدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
12ربیع الاول 5144 ھ29 ستمبر 2023 ء