امام حسن ، خلفائے راشدین میں سے ہیں۔
سوال: خلافت راشدہ کی مدت کتنی ہے اور کیا امام حسن مجتبی رضی اللہ عنہ بھی خلفائے راشدین میں شامل ہیں؟
User ID:عتیق رحمن
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
خلافت راشدہ کی مدت تیس سال ہے جو کہ امام حسن مجتبی رضی اللہ عنہ کی چھ ماہ کی خلافت پر مکمل ہوئی امام حسن بھی خلفاء راشدین میں سے ہیں ۔ خلافت کی مدت تیس سال ہونے کے متعلق نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا : ”الخلافۃ فی امتی ثلاثون سنۃ ثم ملک بعد ذلک“ترجمہ:میری امت میں خلافت تیس سال تک ہو گی اور اس کے بعد بادشاہت ہو گی۔
(جامع ترمذی، ج4،ص73،رقم الحدیث2226،دار الغرب الاسلامی ، بیروت)
صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ حضرت سیدُنا حسن رضی اللہ عنہ کے خلفاءِ راشدین میں شامل ہونے کے متعلق فرماتے ہیں : ”نبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم کے بعد خلیفۂ برحق و امامِ مطلق حضرت سیّدنا ابو بکر صدیق، پھر حضرت عمرِ فاروق، پھر حضرت عثمان غنی، پھر حضرت مولیٰ علی ، پھر چھ مہینے کے لیے حضرت امام حسن مجتبیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہم ہوئے، اِن حضرات کو خلفائے راشدین اور اِن کی خلافت کو خلافتِ راشدہ کہتے ہیں کہ انہوں نے حُضور (صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم) کی سچی نیابت کا پورا حق ادا فرمایا ۔۔۔ منھاجِ نبوت پر خلافتِ حقہ راشدہ تیس سال رہی کہ سیّدنا امام حسن مجتبیٰ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کے چھ مہینے پر ختم ہوگئی۔
(بھار شریعت ، ج1 ، حصہ1 ، ص241، مکتبۃ المدینہ ، کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
29صفر المظفر5144 ھ16 جولائی 2023 ء