نقش نعل پاک پر مقدس کلمات لکھنے کا حکم

نقش نعل پاک پر مقدس کلمات لکھنے کا حکم

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلے میں کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے نعل پاک کے نقش پر آیات یا اسماء ربانی لکھنے کا کیا حکم ہے؟ جیسا کہ آج کل قبر کے کتبوں پر لکھے جا رہے ہیں۔

User ID:محمد ندیم

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

پوچھی گئی صورت میں حکم شرع یہ ہے کہ نقش نعل پاک پر مقدس کلمات ،آیات و اسماء باری تعالیٰ لکھنا اگرچہ شرعاً جائز ہے جبکہ نیت حصول برکت ہو کیونکہ نقش نعل پاک عکس ہے اور کسی چیز کا عکس اصل شئی کا حکم نہیں رکھتا اور کسی شئی کے نقشہ پر اصل چیز کے احکام نہیں ہوتے ہیں البتہ اگر بے ادبی کی نیت سے لکھیں تو سخت حکم لگے گا البتہ بہتر یہی ہے کہ نقش نعل پاک پر مقدس کلمات ،آیات و اسماء باری تعالیٰ لکھنے سے بچا جائے تاکہ فتنہ پیدا نہ ہو۔ سیدی اعلحضرت امام احمد رضا خان رضی اللہُ تعالیٰ عنہ تحریر فرماتے ہیں :”اور بسم اللہ شریف اس (نعلِ پاک کے نقش) پر لکھنے میں کچھ حرج نہیں، اگر یہ خیال کیجئے کہ نعلِ مقدس قطعاً تاجِ فرقِ اہلِ ایمان ہے مگر اللہ عزوجل کا نام و کلام ہر شے سے اجل و اعظم و ارفع و اعلٰی ہے, یوہیں تمثال میں بھی احتراز چاہئے تو یہ قیاس مع الفارق ہے۔ اگر حضور سید عالم صلی اللہ تعالٰی علیہ وسلم سے عرض کی جاتی کہ نامِ الہٰی یا بسم اللہ شریف حضور کی نعل مقدس پر لکھی جائے تو پسند نہ فرماتے مگر اس قدر ضروری ہے کہ نعل بحالتِ استعمال و تمثال محفوظ عن الابتذال میں تفاوت بدیہی ہے, اور اعمال کا مدار نیت پر ہے۔

(فتاوی رضویہ،جلد21، صفحہ413،رضا فاؤنڈیشن لاہور)

فتاویٰ بریلی شریف میں ہے:اس کو قطعاً حرام و گستاخی بتانا غلط و باطل ہے اسلیے کہ حکم کا مدار نیت پر ہے قال النبی صلی اللہ علیہ والہ وسلم انما الاعمال بالنیات معاذاللہ اگر لکھنے والے کی نیت سوءِ ادبی (بےادبی) ہے تو اس کا یہ فعل صرف حرام و گستاخی نہیں بلکہ اسے دائرہ اسلام سے خارج کر دے گا اور اگر اس کی نیت اعزاز و احترام اور حصولِ برکت کی نیت ہے تو مستحقِ اجر و ثواب ہے”۔

(فتاوی بریلی شریف صفحہ 352 زاویہ پبلشرز)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ

انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ

11ربیع الثانی 5144 ھ27 اکتوبر 2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں