مردے ،زندوں کا کلام سنتے ہیں
سوال: کیا مردے زندوں کی آواز سنتے ہیں ؟
User ID:محمد حفیظ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
جی ہاں مردے زندوں کی آواز سنتے ہیں بلکہ اگر کوئی کسی قبر والے کو سلام کرے تو مردہ اس کا سلام سنتا اور سلام کا جواب بھی دیتا ہے۔ بخاری شریف میں ہے: جب کفار کی لاشیں بدر کے گڑھے میں ڈال دی گئیں تو حضور سرور عالم ﷺنے اس گڑھے کے کنارے کھڑے ہو کر مقتولین کا نام لے کر اس طرح پکارا کہ اے عتبہ بن ربیعہ!اے شیبہ بن ربیعہ!اے فلاں !اے فلاں !کیا تم لوگوں نے اپنے رب کے وعدہ کو سچا پایا؟ ہم نے تو اپنے رب کے وعدہ کو بالکل ٹھیک ٹھیک سچ پایا۔ حضرت عمر فاروق رضی اﷲ تعالٰی عنہ نے جب دیکھا کہ حضور ﷺکفار کی لاشوں سے خطاب فرما رہے ہیں توان کو بڑا تعجب ہوا۔ چنانچہ انہوں نے عرض کیا کہ یارسول اﷲ!ﷺکیا آپ ان بے روح کے جسموں سے کلام فرما رہے ہیں ؟یہ سن کر حضور ﷺنے ارشاد فرمایا کہ اے عمر! قسم خدا کی جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے کہ تم(زندہ لوگ) میری بات کو ان سے زیادہ نہیں سن سکتے لیکن اتنی بات ہے کہ یہ مردے جواب نہیں دے سکتے۔
( صحیح البخاری، کتاب المغازی، باب قتل ابی جھل، الحدیث : ۳۹۷۶،)
مصنفات ابی العباس میں ہے:عن ابی ھریرۃ رضی اللہ عنہ قال قال رسول اﷲﷺ ما من احد یمر بقبر اخیہ المومن کان یعرفہ فی الدنیا فیسلم علیہ الا عرفہ ورد علیہ السلام ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: “جو شخص بھی اپنے کسی جاننے والے کی قبر پر گذرتا ہے٬ اور اس کو سلام کرتا ہے٬ وہ مردہ اس کو پہچان لیتا ہے٬ اور اس کو سلام کا جواب بھی دیتا ہے.«
(مصنّفات أبي العبّاس الأصمّ : 419 / 11)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
29صفر المظفر5144 ھ16 جولائی 2023 ء