قبر کو اندر سے پختہ کرنے کا حکم
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ قبر کے اندر اینٹیں لگا کر پکا کرنا کیسا ہے؟
User ID:اکمل اکمل
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ قبر کو اندر سے پکا کرنا مکروہ و ممنوع ہے لہذا بلا حاجت قبر کو اندر سے پختہ نہیں کر سکتے ہاں اگر ھاجت ہو تو اینٹوں کے اوپر مٹی کا لیپ کر دیں تاکہ میت سے متصل حصہ کچا رہے۔ تنویر الابصار اور شرح درمختار میں ہے:”(یسوی اللبن علیہ و القصب لا الآجر )المطبوخ و الخشب لو حولہ اما فوقہ فلایکرہ“ترجمہ:اس پر کچی اینٹیں اور بانس لگا دے ،میت کے گرد پکی اینٹیں اورلکڑی نہ لگائے ، البتہ اوپر ہو ، تو مکروہ نہیں۔
(التنویر و الدرمع ردالمحتار ،جلد 3،صفحہ 167،مطبوعہ کوئٹہ )
سیدی اعلیٰ حضرت امام احمدرضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں :”قبرپختہ نہ کرنا ،بہتر ہے اور کریں ، تو اندر سے کڑا کچا رہے ، اوپر سے پختہ کرسکتے ہیں ۔“
(فتاوی رضویہ،جلد 9،صفحہ 425،مطبوعہ رضا فاؤنڈیشن،لاھور )
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
3جمادی الاولی 5144 ھ18 نومبر 2023 ء