شافعی امام کے پیچھے حنفی کی نماز کا حکم
سوال: کیا شافعی امام کے پیچھے حنفی کی نماز جائز ہے ؟شافعی حضرات ظہر کی نماز حنفی وقت ہونے سے پہلے پڑھتے ہیں کیا ان کے پیچھے حنفی کی نماز ہو جائے گی؟
User ID:زم زم رضا
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
شافعی امام سُنّی صحیح العقیدہ ہے اور طہارت و شرائط و ارکان ِ نماز میں مذہب حنفی کی رعایت کرتا ہے تو اس کے پیچھے حنفی کی نماز بلاکراہت جائز ہے اور اگر حنفی کو معلوم ہوکہ خاص اس نمازمیں شافعی امام نے مذہب حنفی کی رعایت نہیں کی ہے مثلا ً خون نکلا اور اس نے وضو نہیں کیا یا چوتھائی سر سے کم کا اس نے مسح کیا،یا عصر یا عشاء کا وقت مذہب شافعی کے مطابق ہوگیا تھا مگر ابھی مذہب حنفی کے اعتبار سے نماز کا وقت نہیں ہوا تھا اور اس نے عصر یا عشاء پڑھائی تو اس کے پیچھے حنفی کا نماز پڑھنا جائز نہیں ۔ اعلیٰ حضرت امام اہلسنت سیدنا امام احمد رضا خاں قدس سرہ العزیز فرماتے ہیں: ’’ اگر شافعی طہارت ونماز میں فرائض و ارکان میں مذہب حنفی کی رعایت کرتا ہے اس کے پیچھے نماز بلا کراہت جائز ہے اگر چہ حنفی کے پیچھے افضل ہے ،اور اگر حال رعایت و عدم رعایت معلوم نہ ہو تو قدرے کراہت کے ساتھ جائز اور اگر عادت ِ عدم ِ رعایت معلوم ہو تو کراہت شدید ہے اور اگر معلوم ہوکہ خاص اس نماز میں رعایت نہ کی تو حنفی کو اس کی اقتدا جائز نہیں اس کے پیچھے نماز نہ ہوگی صورتِ اول و دوم میں شریک ہوجائے اور صورتِ سوم میں شریک نہ ہو اور چہارم میں تو نماز ہی باطل ہے ۔
( فتاویٰ رضویہ،جلد3،صفحہ228،رضا فاؤنڈیشن،لاہور)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
3 ربیع الاول 5144 ھ20 جولائی 2023 ء